کراچی ( اسٹاف رپورٹر) اگر پچھلے سال ہماری درخواست پر سرکاری سطح پر یوم درودشریف منالیاجاتاتو ملک اتنی بڑی آفت سے دوچارنہ ہوتا،ابھی وقت ہے حکومت 2شعبان 27مارچ کو سرکاری سطح پر یوم درودشریف منانے کا اعلان کرے،ہمارایقین ہے کہ درودشریف کی برکات سے ملک آفتوں اور بلائوں سے پاک ہوجائے گا۔ یہ بات سابق وفاقی وزیروسابق قائم مقام وزیراعلیٰ سندھ اور پاکستان اسلامک فورم کے سرپرست وتحریک فروغ درودخوانی کے بانی الحاج شمیم الدین نے مرکزی میلادالائنس پاکستان کے بانی وچیف آرگنائزرمحمدسلیم خان قادری اور جمعیت علمائے پاکستان کے رہنمامحمدشکیل قاسمی سے اپنی رہائش گاہ پر ملاقات کے موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہی۔الحاج شمیم الدین نے بتایاکہ مشاورت کے بعدعوام کے وسیع تر مفاداور بچائوکے لئے تحریک فروغ دوردخوانی کے تحت 27مارچ کو نارتھ ناظم آباد میں ہونے والی مرکزی تقریب کو ملتوی کردیاگیاہے،تاہم 2شعبان المعظم کو یوم درودشریف حسب روایت منایاجائے گا،لوگ اپنے گھروں میں درودخوانی کا باقاعدہ اہتمام کریں۔اس موقع پر محمدسلیم خان قادری ترابی نے الحاج شمیم الدین کو کروناوائرس کے پیش نظرحکومتی اقدامات کے باعث شہر کی صورتحال سے آگاہ کیا،جبکہ اس امر پر اتفاق کیاگیا کہ لاک ڈائون سے غریب طبقہ انتہائی متاثر ہوگا حکومت غریبوں کے لئے فوری اقدامات بروئے کارلائے اور غریبوں کو ان کے گھروں تک راشن پہنچانے کا اہتمام کیاجائے۔