مقبوضہ کشمیر: کرونا کے باعث پنجاب، ہماچل پردیش اور لداخ سے ملنے والی سرحدیں سیل، عمر عبداللہ رہا

سرینگر(کے پی آئی)مقبوضہ جموں کشمیر میں لاک ڈائون کے بعد حکام نے مہلک کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کیلئے پنجاب،ہماچل پردیش اور لداخ سے لگنے والی سرحدوں کو سیل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا بین الا ضلاعی ٹریفک کی نقل و حمل کو بھی بند کیا جائے گا۔ اس صورتحال کے تناظر میںحکومت نے صارفین کو اپریل اور مئی مہینوں کا راشن پیشگی فراہم کرنے کا اور سرینگر اور جموں کی میونسپل کارپوریشنوں کیلئے خصوصی فنڈ جاری کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔کورو نا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے اِقدامات کو مزید مستحکم کرتے ہوئے حکومت نے جموں میں چیف سیکریٹری بی وی آر سبھرامنیم کی سربراہی میںمنعقدہ ایک اعلی سطح میٹنگ کے دوران جل شکتی محکمہ کے حق میں ایک کروڑ روپے جاری کرنے کا بھی فیصلہ کیا تاکہ یوٹی میں پینے کے پانی کی سپلائی میں بہتری لائی جاسکے۔یہ بھی فیصلہ لیا گیا کہ جموں اور سری نگر میونسپل کارپوریشنوں کے حق میں پچاس پچاس لاکھ روپے کی اِضافی رقم جاری کی جائے گی تاکہ وہ صفائی ستھرائی کے نظام میں مزید بہتری لا سکیں۔سابق کٹھ پتلی وزیر اعلی عمر عبداللہ کو 8 ماہ بعد رہا کر دیا گیا ۔وہ 5 اگست سے زیر حراست تھے۔ ان کی رہائی سے قبل ان کے والد فاروق عبداللہ کو بھی رہا کیا جا چکا ہے۔ فی الوقت پی ڈی پی کی سربراہ محبوبہ مفتی نظربند ہیں۔شیر کشمیر انسٹی چیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ (سکمز) کے خصوصی ائیسولیشن وارڈ میں صرف ایک مریضہ زیر علاج ہے۔ اس دوران صورہ میں کوئی شخص نہیں لایا گیا لیکن سی ڈی ہسپتال میں مزید 8افراد کو داخل کیا گیا۔ میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر فاروق احمد جان نے بتایا کہ کوئی مشتبہ مریض آئیسولیشن وارڈ میں داخل نہیں ہوا ۔

ای پیپر دی نیشن