اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ آف پاکستان نے ای او بی آئی کرپشن کیس میں ملوث ملزم سابق سینیٹر عمار احمد خان کو چار ہفتوں کیلئے عبوری ضمانت پر رہا کرنے کاحکم جاری کردیا ہے۔ منگل کو جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے ای او بی آئی کرپشن کیس میں ملوث سابق سینٹر عمار احمد خان کی جانب سے دائر ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل اعظم نذیر تارڑ نے دلائل دیئے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ملک میں حالات خراب ہیں، میرے موکل کی صحت بھی ٹھیک نہیں کہ وہ سفر کر سکے، ہمیں بھی گھر والے ملک میں کورونا وائرس کے پیش نظر سفر کرنے سے منع کررہے ہیں، ای او بی آئی کرپشن کیس میں تفتیش مکمل ہو چکی ہے اور چالان بھی جمع ہو چکا ہے، فاضل عدالت سے استدعا ہے کہ ان کی ضمانت قبل از وقت گرفتاری کی درخواست منظور کی جائے،واضح رہے کہ درخواست گزار ملزم پر ای او بی آئی کرپشن کیس میں اربوں روپے کرپشن کرنے کا الزام ہے۔ایف آئی اے درخواست گزار کو گرفتار کرنے کے لیئے چھاپے مارہی تھی۔فاضل عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کے دلائل سننے کے بعد حکم دیا ہے کہ ایف آئی اے درخواست گزار سابق سینٹر عمار احمد خان کو گرفتار نہ کرے، عدالت نے سماعت چار ہفتوں کیلئے ملتوی کر تے ہوئے دخواست گزار کو آ ئندہ سماعت تک عبوری ضمانت پر رہا کرنے کا حکم جاری کردیا ہے۔
ای او بی آئی کرپشن کیس،سابق سینیٹر عمار احمد کو عبوری ضمانت پر رہا کرنے کاحکم
Mar 25, 2020