لندن ‘اسلام آباد‘ نئی دہلی‘ نیویارک (عارف چودھری‘ شہنوا‘سپیشل رپورٹ) دنیا بھر کو متاثر کرنے والا مہلک مرض کورونا وائرس 195 ممالک تک پھیل گیا جس نے متاثر ہونے والے 16 ہزار 553 افراد کی جان لے لی۔ عالمی وبا قرار دئیے جانے والے کورونا وائرس کی ہلاکت خیزیوں میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق اب تک کورونا وائرس سے 3 لاکھ 81 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں۔ کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد اسے شکست سے دوچار کرنے والے افراد کی تعداد بھی ایک لاکھ 2 ہزار 429 ہو چکی ہے۔ برطانیہ میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ لندن سے عارف چودھری کے مطابق برطانیہ میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو مزید روکنے کی غرض سے شہریوں پر سخت پابندیاں عائد کی گئی ہیں جن کا اطلاق آج سے ہو رہا ہے۔ یہ پابندیاں ابتدائی طور پر تین ہفتے تک نافذ العمل رہیں گی۔ ان نئی پابندیوں کا اعلان برطانیہ کے وزیر اعظم بورس جانسن نے اپنے ایک خطاب میں کیا ہے۔ شہریوں کو کہا گیا ہے انہیں صرف ’انتہائی محدود مقاصد‘ کے لیے گھروں سے نکلنے کی اجازت ہو گی۔ شہری صرف اشیائے خورونوش اور ادویات کی خریداری، دن میں ایک مرتبہ ورزش، (انتہائی ضرورت کے تحت) گھر سے آفس اور آفس سے گھر آمدورفت کے لیے گھروں سے نکل پائیں گے۔ عبادت گاہیں، جم، کھیلوں کے میدان اور لائبریاں بند رہیں گی۔ عوامی مقامات پر دو سے زیادہ افراد کے اکٹھا ہونے پر پابندی ہو گی۔ غیر ضروری سامان جیسا کہ کپڑے اور الیکٹرونکس کا سامان فروخت کرنے والی دکانوں کو بند کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ شہریوں کو اپنے دوست احباب اور رشتہ داروں سے ملاقات کرنے سے منع کیا گیا ہے۔ خلاف ورزی کرنے والے افراد پر جرمانے عائد کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ تمام سماجی اجتماعات، شادیوں اور بپتسمہ کرنے کی تقریبات پر مکمل پابندی ہو گی تاہم جنازے میں شرکت کی اجازت ہو گی۔ پارک صرف ورزش کی غرض سے کھلے رہیں گے مگر وہاں کسی بھی طرح کے اجتماع کی اجازت نہیں ہو گی۔ برطانوی وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ پابندیوں میں مزید سختی یا نرمی کرنے کا فیصلہ تین ہفتوں بعد کیا جائے گا۔ اپنی تقریر میں وزیر اعظم بورس جانسن کا کہنا تھا کہ ’میں برطانوی عوام کو ایک سادہ سی ہدایت دینا چاہتا ہوں کہ آپ کو گھر رہنا چاہیے۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ملک بھر میں 21روز کیلئے لاک ڈائون کا اعلان کر دیا بھارتی وزیراعظم مودی کا کہنا ہے کہ لاک ڈائون کے سوا ہمارے پاس اور کوئی آپشن نہیں۔ سوڈان میں رات کا کرفیو نافذ کر دیا گیا۔ سوڈان حکومت نے ملک بھر میں رات 8 بجے سے صبح 6 بجے تک کا جزوی کرفیو نافذ کر دیا ہے۔ ادھر جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ میں بھی جمعرات سے 21 روز کیلئے لاک ڈائون کا اعلان کر دیا ہے۔ قبرص نے 13 اپریل تک لاک ڈائون کا اعلان کر دیا ہے۔ دوسری طرف امریکہ کی 16 ریاستوں نے لوگوں کو گھروں میں رہنے کا حکم جاری کر دیا۔ فرانس میں کرونا وائرس سے مزید 186 افراد ہلاک ہوگئے۔ فرانس میں ایک دن میں کرونا سے ہونے والی ہلاکتوں کی اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے جس کے بعد مجموعی اموات 860 ہوگئیں۔ امریکی نائب صدر مائیک پنس نے کہا ہے کہ ملک بھر میں 3 لاکھ 13 ہزار افراد کے کورونا وائرس ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 41 ہزار افراد کے اس وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بیان میں کہا فیڈرل ایمرجنسی منیجمنٹ ایجنسی ملک بھر میں ڈاکٹروں اور طبی عملہ کو اسی لاکھ این۔ 95 ماسک اور دیگر حفاظتی آلات فراہم کرے گی۔ بنگلہ دیش کی حکومت نے ملک میں کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لئے 26 مارچ سے 4 اپریل تک عام تعطیلات اور سول انتظامیہ کی مدد کے لئے فوج تعینات کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ آسٹریلیا کی اپوزیشن جماعت لیبر پارٹی نے حکومت کو کورونا وائرس سے نمٹنے کے اقدامات کے لئے 40 ارب ڈالر کے فنڈ کے استعمال کی اجازت دے دی ہے۔ جنوبی کوریا میں کرونا کے نئے کیسز میں کافی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ ایران میں مزید122افراد کرونا سے دم توڑ گئے۔ نائب وزیر صحت قاسم جان بابائی نے اعتراف کیا ہے کہ ملک میں کرونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 52 ہزار سے زیادہ ہے۔ 26 ہزار کرونا مریضوں کا علاج جاری ہے۔ اٹلی میں مزید 40 افراد ہلاک ہو گئے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 6077 ہو گئی جبکہ 63927 افراد متاثر ہوئے۔ امریکہ میں کرونا وائرس سے مزید 29 افراد ہلاک ہونے کے بعد تعداد 582 ہو گئی جبکہ مریضوں کی مجموعی تعداد 46145 تک پہنچ گئی۔ ہالینڈ میں کرونا سے 213 افراد ہلاک اور 4749 متاثر ہیں۔ سعودی عرب میں 767 افراد کرونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔ جنوبی کوریا میں وائرس سے ہلاکتیں بڑھ کر 120 ہو گئی ہیں۔ متاثرہ افراد کی تعداد 9,037 ہے۔ جرمنی میں 123 ہلاک جبکہ 29056 افراد متاثر ہوئے ہیں۔ دوسری جانب سپین میںبھی کرونا وائرس سے ایک دن میں 514سے زائد افراد ہلاک ہو گئے۔ مدینہ منورہ میں کرونا وائرس سے پہلی ہلاکت ہو گئی۔ ترجمان وزارت صحت کے مطابق مدینہ منورہ میں کرونا وائرس کا شکار 51سالہ افغان شہری انتقال کر گیا۔ فن لینڈ کے سابق صدر مارٹی اٹیساری اور تھائی لینڈ میں کرونا کووڈ19وائرس کی وباء کے باعث ہنگامی صورتحال کے نفاذ کا اعلان کیا گیا ہے۔ بھارتی الیکشن کمیشن نے پارلیمنٹ کے ایوان بالا راجیہ سبھا کے دو سالہ انتخابات کو ملک میں کرونا وائرس کے پھیلائو کے پیش نظر ملتوی کر دیا ہے۔چین کے ماہرین نے کہا ہے کہ چین کے محققین کے ایک گرورپ نے نوول کرونا وائرس کے 29 مریضوں کی لاشوں کا پوسٹ مارٹم کیا ہے جس میں یہ بات سامنے آئی کہ مرنے کے بعد بھی کرونا وائرس ان کے پھیپھڑوں میں موجود ہے۔ یہ بات بھی سامنے آئی کہ مریض کا مدافعتی نظام بھی بری طرح متاثر ہوا ہے۔ وائٹ ہاؤس کرونا وائرس فورس ممبر اور امریکہ میں متعدی بیماریوں کے معروف ماہر انتھونی فوکی نے کہا ہے کہ انہوں نے بھی کرونا وائرس کو چینی وائرس نہیں کہا اور نہ ہی ایسا کبھی کہیں گے۔ وہ اتوار کو سائنس میگزین سے گفتگو کر رہے تھے۔ چین نے نوول کرونا وائرس پھیلنے کے مرکز ووہان شہر سے 2 ماہ کے لاک ڈاؤن کے بعد 8 اپریل کو بیرونی سفر کی پابندی ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ چین کو وبائی کرونا وائرس کی بیماری کی روک تھام اور اس پر قابو پانے کے کام پر اب بھی اپنے حفاظتی اقدامات کم نہیں کرنے چاہئیں ان خیالات کا اظہار قومی ہیلتھ کمیشن کے ایک ترجمان فنگ نے منگل کو ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ کرونا وائرس پھیلنے کے باعث تقریباً دو ماہ بند رہنے کے بعد بیجنگ میں عظیم دیوار کے باوالنگ سیکشن کو منگل کے روز جزوی طور پر کھول دیا گیا ہے۔ یہ دلکش علاقہ صبح 9 بجے سے لیکر شام 4 بجے تک کھلا رہے گا۔
کرونا: بھارت ‘ نیوزی لینڈ‘ جنوبی افریقہ قبرص لاک ڈائون: بنگلہ دیش فوج تعینات‘ برطانیہ میں ایمر جنسی
Mar 25, 2020