لاہور (نمائندہ خصوصی) ملک بھر میں اذانوں کا سلسلہ شروع کردیا گیا۔ مختلف مذہبی تنظیموں اور علماء کرام نے عوام سے اذانوں کی اپیل کر دی۔ علماء کرام نے کہا ہے کہ مساجد میں وقت پر اذان اور اس سے قبل اور بعد میں استغفار کریں جس طرح رمضان المبارک میں کیا جاتا ہے اور اضافی اذانیں دیں تاکہ اللہ اپنی رحمت کرے۔ تنظیم اتحاد امت پاکستان ،سنی اتحاد کونسل سمیت مختلف مذہبی جماعتوں کی جانب سے یہ پیغام جاری کیا گیا کہ کرونا وباء سے پوری دنیا میں پیدا ہونے والی صوتحال کے بعد اپنے گھروں میں رکیں۔ جہاں سماجی فاصلہ وقت کی اہم ضرورت ہے وہیں اللہ کی طرف رجوع بھی کریں۔ اس حوالے سے صاحبزادہ پیر بشیر احمد یوسفی اور دیگر علماء کرام کا کہنا تھا کہ عوام اپنے گھروں کی چھتوں پر اذانیں دیں جبکہ علماء کرام مساجد میں اضافی اذانیں دینے کا عمل شروع کریں۔ علماء کا کہنا تھا کہ مختلف احادیث میں بھی وباء کے موقع پر اذان کا کہا گیا ہے۔ ایک اور موقع پر اللہ کے رسول ؐنے فرمایا کہ جس بستی میں اذان دی جائے اللہ تعالی اپنے عذاب سے اس دن اسے امن دیتا ہے۔ گزشتہ روز مساجد اور سوشل میٖڈٖیا پر اذانیں دینے کے پیغام کے بعد لاہور اور اس کے گردونواح میں رات 10بجے سے لوگوں کی بڑی تعداد نے اپنے گھروں کی چھتوں سے جبکہ علماء کرام کی جانب سے مساجد میں اذانیں دی گئیں اور استغفار کی گئی۔
اذان سے قبل اور بعد میں استغفار کریں: علماء کرام
Mar 25, 2020