شہباز صاحب حکومت کو طویل لیکچر دیتے ہوئے ذمہ داری کا احساس بھی کرتے: فردوس عاشق

Mar 25, 2020

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی+ صباح نیوز) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ شہباز صاحب حکومت کو طویل لیکچر دیتے ہوئے کچھ اپنی ذمہ داری کا احساس بھی کرتے، اچھا ہوتا اپنی بے پناہ دولت سے عوام کیلئے آج کچھ مختص کرنے کا اعلان کرتے؟ وزیراعظم عمران خان عوام کے دکھ درد کا مداوا کرنے کیلئے پہلے ہی لائحہ عمل ترتیب دے چکے ہیں۔ منگل کو اپنے ٹوئٹر پیغام میں معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہا کہ شہباز صاحب قومی یکجہتی اور اتحاد سے کوئی انکاری نہیں، حکومت کو طویل لیکچر دیتے ہوئے کچھ اپنی ذمہ داری کا احساس بھی ضرور کرتے، آپ کے خاندان نے جو کمایا اسی ملک سے کمایا اور باہر لے گئے، اچھا ہوتا اپنی بے پناہ دولت سے عوام کیلئے آج کچھ مختص کرنے کا اعلان کرتے؟ آج آپ کو یہ اعلان کرنا چاہیے تھا کہ شریف خاندان مشکل کی اس گھڑی میں اپنے ہم وطنوں کے لئے سرمایہ پاکستان واپس لا رہا ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان عوام کے دکھ درد کا مداوا کرنے کیلئے پہلے ہی لائحہ عمل ترتیب دے چکے ہیں،کرونا وائرس کے تناظر میں وزیراعظم پاکستان کے عوام کیلئے بڑے ریلیف پیکج کا جلد اعلان کرنے والے ہیں۔ صباح نیوزکے مطابق فردوس عاشق اعوان نے ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا میڈیا ورکرز اور صحافی کورونا کیخلاف جنگ میں ہر اول دستے کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے میڈیا مالکان سے گذارش کی وائرس کے خطرے میں پیشہ ورانہ امور کی انجام دہی کے دوران اپنے ان سپاہیوں کی سلامتی اور حفاظت کو یقینی بنائیں۔ عوام کوآگاہی دینے میں میڈیاکا کلیدی کردارہے۔ ان کی فلاح حکومت کی ترجیح ہے۔

مزیدخبریں