لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس)کورونا وائرس کے باعث قومی کرکٹرز کے فٹنس ٹیسٹ ملتوی کردیے گئے۔ ذرائع کے مطابق موجودہ صورتحال میں کرکٹرز کو فٹنس ٹیسٹ کی تیاری کے لیے مکمل سہولتیں میسر نہیں اس لیے کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ ملتوی کردیے ہیں۔? ذرائع کا کہنا ہے کہ سنٹرل کنٹریکٹ یافتہ کرکٹرزکے فٹنس ٹیسٹ اپریل کے دوسرے ہفتے میں ہونا تھے جس کے لیے اب نیا شیڈول بنایا جائے گا۔ذرائع کا بتانا ہے کہ صوبائی ایسوسی ایشنز کی ٹیموں اور سیکنڈ الیون کے کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ بھی ملتوی کردیے گئے ہیں جب کہ کھلاڑی فٹنس اور ٹریننگ کے حوالے سے کوچز اور ٹرینرز کو آگاہ کرنے کے پابند ہیں۔خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے کورونا وائرس کے خدشے کی وجہ سے پاکستان سپر لیگ کے بقیہ میچز ملتودی کردیے ہیں جس کو ری شیڈول کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ پی سی بی نے پی ایس ایل سے منسلک تمام اسٹاف اور فرنچائز مالکان کے ٹیسٹ بھی کرائے جو منفی آئے ہیں۔کرونا وائرس کے باعث دنیا بھر میں کھیلوں کی سرگرمیاں بھی معطل کرنے کا سلسلہ جاری ہے، ہاکی آسٹریلیا نے رواں سال ہونے والے تمام ایونٹس ختم کردیئے ہیں جبکہ ورلڈ انٹی ڈوپنگ ایجنسی نے اعلان کیا ہے کہ جہاں ضرورت پڑی وہاں ڈوپ ٹیسٹنگ جاری رہے گی۔ہاکی آسٹریلیا نے رواں سال کے تمام ایونٹس منسوخ کر دیئے۔ ایج گروپ، نیشنل چیمپئن شپ اور ماسٹرز کے مقابلے نہیں ہوں گے۔ لوکل ایونٹس کو بھی ختم کر دیا گیا ہے۔ترجمان کے مطابق قومی سطح کے مقابلے اب اگلے سال ہی ممکن ہو سکیں گے۔ ہاکی آسٹریلیا نے آسٹریلین اولمپک کمیٹی کے فیصلوں کو سراہا جس نے کھلاڑیوں کو اگلے برس اولمپک مقابلوں کی تیاری کا کہا ہے۔ کیربئین پریمئیر لیگ کے منتظمین کا کہنا ہے کہ سی پی ایل سے متعلق ابھی کوئی فیصلہ قبل از وقت ہے۔ وہ شیڈول کے مطابق ایونٹ کروانے کی تیاری کر رہے ہیں۔ سی پی ایل 19 اگست سے 26 ستمبر تک شیڈول ہے۔دوسری جانب ورلڈ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی کا کہنا ہے کہ جہاں ممکن ہو گا ڈوپ ٹیسٹ لئے جائیں گے۔