لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس)خیبر پختونخوا سپورٹس ڈائریکٹوریٹ نے انٹرنیشنل ٹور ڈی سوات سائیکلنگ ریس کرونا وائرس کے پھیلاو کے باعث ملتوی کر دی۔ایونٹ کے نئے شیڈول کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے صدر سید اظہر علی شاہ نے کہا کہ خیبر پختونخوا سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام خیبر پختونخوسپورٹس ڈائریکٹوریٹ اور ٹورازم ڈیپارٹمنٹ کے تعاون سے انٹرنیشنل ٹور ڈی سوات سائیکلنگ ریس رواں سال مئی میں ہونی تھی جس میں قومی کھلاڑیوں سمیت ایران، افغانستان اور سری لنکا کو بھی مدعو کیا گیا تھا تاہم کرونا وائرس کی وجہ سے ایونٹ ملتوی کر دیا گیا ہے۔ملک میں حالات بہتر ہونے کے بعد ایونٹ کے نئے شیڈول کا اعلان جون کے بعد کیا جائے گا۔ دوسری جانب پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن نے کرونا وائرس کے پھیلاو کی وجہ سے یوم پاکستان کی مناسبت سے تین سائیکلنگ ایونٹس بھی منسوخ کر دیئے۔ اظہر علی شاہ نے بتایا کہ 23 مارچ یوم پاکستان کے موقع پر لاہور اور پشاور میں بین الصوبائی جبکہ کراچی میں قومی سائیکلنگ چیمپین شپ منعقد کی جانی تھی تاہم کرونا وائرس کی وجہ سے تینوں ایونٹس منسوح کر دیئے ہیں۔
کرونا: انٹرنیشنل ٹور ڈی سوات سائیکلنگ ریس بھی ملتوی
Mar 25, 2020