راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے)سٹی پولیس آفیسر محمد احسن یونس کی کورونا وائرس سے بچائو اور حکومتی احکامات پر عملدآمد کروانے کے حوالے سے راولپنڈی پولیس کو خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی پولیس دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ فرنٹ لائن پر کام کر رہی ہے، تمام تھانوں کی موبائل گاڑیوں میں ہاتھ دھونے کے لئے اچھا اینٹی سیپٹک صابن اور ٹشو پیپر ضروری ہے،تما م پولیس افسران ماسک اور دستانوں کے استعمال کو یقینی بنائیں ،تمام افسران اور ایس ایچ او ز فورس کو ڈیوٹی پر مامور کرنے سے پہلے مکمل بریفنگ دیں گے،دوران ڈیوٹی حکومت پنجاب کی جانب سے جاری کردہ احکامات پر عملدآمد کرانے کے لیے پولیس افسران تحمل اور برداشت کا مظاہرہ کریں گئے،اشیاء خوردونوش اور ادویات کی ترسیل میں مدد فراہم کریں، راولپنڈی پولیس عوام کی جان ومال کے تحفظ کے ساتھ ساتھ کورونا وائرس سے بچائو کے لیے عوام کے ساتھ کھڑی ہے، سی پی او محمداحسن یونس نے کہاکہ سی پی اونے لے کر کانسٹیبل تک سب کی جان کی مساوی اہمیت ہے ،تمام حفاظتی تدابیر کو یقینی بنایا جائے، کرونا وباء کی آگاہی مہم کے لیے علاقے کے معززین کے ساتھ رابطہ قائم کیا جائے اور آگاہی مہم کے لیے مساجد سے اعلانات کرائے جائیں، شاپنگ مالز، ریسٹورنٹ ، کیفے بند ہوں گئے تاہم ہوم ڈیلیوری کی اجازت ہو گی، کسی بھی مقام پر شہریوں کا ہجوم اکٹھا نہیں ہونے دیا جائے گا دکانوں اور بنک وغیرہ پر شہریوں کے مابین مناسب فاصلہ یقینی بنانے کے لیے آگاہی فراہم کی جائے، ڈبل سواری پر مکمل پابندی ہو گی ، بیمار اور معذور افراد کو حکومت کی جانب سے دئیے گئے استثنیٰ کا خیال رکھا جائیگا، حکومت پنجاب کی جانب سے دئیے گئے احکامات پر من وعن عملدآمد کو یقینی بنایا جائے ، کورونا وائرس سے بچائو کے سلسلہ میں ہر ڈیوٹی قومی فریضہ اور عظیم انسانی و دینی خدمت سمجھ کرکی جائے ۔