کراچی (نیوزرپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے ’’حقوق کراچی تحریک‘‘ کے حوالے سے اتوار 28مارچ کو شاہراہ فیصل پر قائد آباد تا گورنر ہائوس ’’حق دو کراچی ریلی ‘‘ کے سلسلے میں دارالعلوم نعیمیہ کے سرپرست اعلیٰ ممتاز عالم دین مفتی منیب الرحمن ،جامعہ بنوری ٹائون کے مہتمم مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر کے صاحبزادے مولانا ڈاکٹر محمد سعید ، جامعہ ستاریہ کے مدیر و غرباء اہل حدیث کے رہنما حافظ محمد سلفی اور مجلس وحدت المسلمین سندھ کے صدر علامہ باقر زیدی سے ان کے مدارس اور دفاتر میں جاکر ملاقاتیں کیں اور انہیں ریلی میں شرکت کا دعوت نامہ دیا،علمائے کرام نے ’’حق دو کراچی ریلی ‘‘کو وقت کی اہم ترین ضرورت قراردیتے ہوئے اس کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا ۔ اس موقع پر نائب امرا جماعت اسلامی کراچی برجیس احمد، مسلم پرویز، سیکریٹری کراچی منعم ظفر خان ، جمعیت اتحادالعلماء کے مولانا عبد الوحید، سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری اور دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر حافظ محمد سلفی نے جماعت اسلامی کے رہنمائوں کو تحفہ پیش کیا ۔ حافظ نعیم الرحمن نے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کی ’’حق دو کراچی ریلی ‘‘ اہل کراچی کے جذبات کی ترجمان ثابت ہوگی ، کراچی منی پاکستان ہے جو پورے ملک کو چلاتا ہے لیکن اس کے باوجود حکمرانوں نے کراچی کو یتیم بنادیا ہے ،نعمت اللہ خان کے دور کے بعد سے اب تک ایک بھی عوامی منصوبہ مکمل نہیں کیا گیا ، بلکہ کراچی سرکلر ریلوے کے کامیاب پراجیکٹ کو بھی غیر موثر بنا دیا ،کراچی کے مسائل پہلے بھی جماعت اسلامی نے عبدالستار افغانی اور نعمت اللہ خان کے دور میں حل کرائے تھے ، اب بھی جماعت اسلامی ہی مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، بارشوں اور کورونا وائرس کے دوران حکمرانوں کی کارکردگی سب کے سامنے واضح ہوگئی ہے ۔حافظ نعیم الرحمن نے کراچی کے شہریوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کی عوام ’’حقوق کراچی تحریک ‘‘ کا حصہ بنیں اور نااہل حکمرانوں کے بجائے ایماندار اور دیانت دار لوگوں کا ساتھ دیں تاکہ کراچی پھر سے روشنیوں کا شہر بن سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم کے 11 سو ارب روپے کے کراچی پیکیج میں سے ابھی تک عوام کو کچھ نہیں مل سکا ،بدقسمتی سے شہر کی نمائندگی وہ لوگ کرتے ہیں ، جو کراچی کی آبادی صحیح شمار نہیں کرسکتے۔ علاوہ ازیں ڈاکٹر محمد سعید ،حافظ محمد سلفی اور علامہ باقر زیدی نے بھی ’’حق دو کراچی ریلی ‘‘ کی حمایت کا اعلان کیا اور حافظ نعیم الرحمن کی آمد کا شکریہ ادا کیا اور ملاقات میں ملک کے مجموعی حالات بالخصوص کراچی کی ابتر صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔