لاہور(اپنے نامہ نگار سے) احتساب عدالت نے آشیانہ ریفرنس میں شہباز شریف سمیت دیگر کے خلاف ایک گواہ کا بیان قلمبند کرلیا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر نیب کے دو گواہوں کو اصل دستاویزات کے ساتھ پیش ہونے کا حکم دے دیا۔ احتساب عدالت کے جج امجد نذیر چودھری نے ریفرنس پر سماعت کی۔ جیل حکام نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور احد چیمہ کو عدالت میں پیش کیا۔ عدالت میں نجی بینک سے تعلق رکھنے والے نیب کے تین گواہ پیش ہوئے۔ یاسر شفیق کا بیان قلمبند کیا گیا جبکہ دو گواہوں کے پاس اصل دستاویزات نہ تھیں۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر اصل ریکارڈ سمیت پیش ہونے کا حکم دیا۔ عدالت نے ریفرنس پر سماعت 30 مارچ تک ملتوی کر دی۔ عدالتی کارروائی کے بعد سابق صوبائی وزیر رانا مشہود نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ مریم نواز کو نواز شریف کی بیٹی ہونے کی سزا دی جا رہی ہے، نیب ملکی حالات خراب کرنے والوں کو نوٹس جاری کرے۔
آشیانہ ریفرنس، نیب کے 2گواہوں کو آئندہ سماعت پر پیش ہونے کا حکم
Mar 25, 2021