اسلام آباد ، نیو یارک ، لاہور (نمائندہ خصوصی، نمائندہ نوائے وقت، آئی این پی، اپنے نامہ نگار سے ) یوم پاکستان کی پریڈ آج ہوگی جس میں تینوں مسلح افواج اور دیگر سکیورٹی فورسز کے دستے مارچ پاسٹ میں حصہ لیں گے جبکہ جنگی جہاز فضائی کرتب کا مظاہرہ کریں گے۔ یوم پاکستان پریڈ میں دفاعی ساز و سامان کی نمائش ہوگی ۔ اس موقع پر جڑواں شہروں میں موبائل سروسز معطل رہیں گی جبکہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں عام تعطیل ہوگی۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا،پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ ،پاکستان نیوی کے سربراہ ایڈمرل محمد اجمل خان نیازی،پاک فضائیہ کے سربراہ ایئرمارشل ظہیر احمد بابر سدھوشریک ہونگے۔دوسری جانب اقوام متحدہ میں پاکستان مشن نیویارک نے 23 مارچ کی تقریب کا اہتمام کیا ،تقریب میں اقوام متحدہ میں پاکستان کے کردار اور پاکستان کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ علاوہ ازیں چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے ملٹری پریڈ کے موقع پر لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ اور راولپنڈی کی ضلعی عدالتوں میں مقامی تعطیل کی منظوری دے دی ۔آج لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ اور ضلع کی سول و سیشن عدالتیں بند رہیں گی۔