اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) ایف آئی اے نے چینی میں سٹہ بازی اور اور غیر قانونی ہتھکنڈوں کے استعمال کے خلاف ایک بڑے کریک ڈائون کی تیاری مکمل کر لی ہے اور ذرائع نے بتایا ہے کہ گذشتہ ایک دو روز کے دوران پنجاب اور ملک کے دوسرے علاقوں سے21افراد کو حراست میں لے کر ان سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ ان ذرائع کا کہنا ہے کہ اس پوچھ گچھ سے ہوشربا انکشافات ہوئے ہیں جس کی روشنی میں نہ صرف مقدمات درج ہوں گے بلکہ بڑے پیمانے پر گرفتاریاں بھی کی جائیں گی۔ حکومت کے اندرونی ذرائع نے بھی بتایا ہے کہ بڑے مگر مچھوں پر ہاتھ ڈالنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ زیر حراست افراد نے انکشاف کیا کہ چینی کے معاملہ میں سٹے بازی عروج پر جا چکی ہے، حوالہ اور مصنوعی خریداری کے ذیعے ریٹ کے ساتھ کھیلا جا رہا ہے اور اس کا مقصد رمضان میں چینی کی طلب بڑھنے کے امر سے فائدہ اٹھا کر اربوں روپے ناجائز طور پر کمانا ہے۔ ذرائع کے مطابق شوگر مافیا نے ایک سال میں چینی کی ایکس مل قیمت 70سے90 روپے تک بڑھائی ہے۔ سٹہ بازی کی ناجائز کمائی کو چھپانے کے لیے سینکڑوں خفیہ اور جعلی اکاؤنٹس کھولے گئے، مصنوعی قلت اور سٹہ بازی کے ذریعے چینی کی قیمت کو مسلسل بڑھایا جارہا ہے۔ مافیا نے ایک سال میں غیر قانونی طریقے سے 110ارب روپے کمائے جا چکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق سٹہ بازی کی پشت پناہی میں بڑے شوگر گروپ ملوث پائے گئے ہیں، ان شوگرمل مالکان کا تعلق پنجاب اور سندھ کے مختلف علاقوں سے ہے۔ ایف آئی اے نے 32موبائل فونز اور لیپ ٹاپ سے ٹھوس شواہد حاصل کئے۔ ذرائع نے یہ انکشاف بھی کیا کہ کریک ڈائون اور گرفتاریوں کے لئے ایف آئی اے لاہور سے 20ٹیمیں بنا دی گئیں ہیں، اور اب تک کے جو شواہد سامنے آئے ان میں کہا گیا ہے کہ چینی کے بڑے گروپ اس میں ملوث ہیں۔ یہ فیصلہ بھی کیا گیا ہے کہ چینی کی پوری زنجیر سے منسلک افرادکے کھاتوں کی چھان بین بھی کی جائے گی۔ اور تحقیقاتی ادارے کی اعلی سطح سے اس تفتیش کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ دریں اثنا چینی کے کاروبار سے منسلک ایک ذرائع نے بتایا ہے کہ 100کلو گرام گنے سے نومبر سے جنوری تک 9سے 13کلو گرام چینی تیار کی جاتی ہے۔ جبکہ100کلو گرام گنے کا ریٹ اوسط 460روپے پڑا ہے۔ اس تناسب سے چینی کا ریٹ فی کلو گرام تمام ان پٹ شامل کرنے کے بعد60سے 65روپے سے زیادہ نہیں ہونا چاہئے۔ تاہم کراچی، لاہور، اسلام آباد اور دیگر تمام شہروں مین چینی کے ریٹ میں تسلسل سے اضافہ ہو نے کی اطلاعات ہیں۔
چینی میں سٹے بازی غیر قانونی ہتھکنڈے ایف آئی اے نے بڑے کریک ڈائون کی تیاری کرلی
Mar 25, 2021