لاہور/ اوکاڑہ (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار) شمالی چھاؤنی کے علاقے گلدشت ٹائون میں پولیس مقابلے کے دوران 2ڈاکو ہلاک جبکہ 10سالہ راہگیر بچہ، خاتون، ایس ایچ او اور 2 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر اور ڈی آئی جی آپریشنز لاہور ساجد کیانی نے ہسپتال میں زیر علاج پولیس اہلکاروں کی عیادت کی۔ تفصیلات کے مطابق پولیس محافظ چوکی گلدشت ٹائون نوید کا اے ایس آئی، ہیڈ کانسٹیبل اسلام الحق، کانسٹیبل محسن گشت پر تھے۔ روکنے پر دو مشکوک افراد نے پولیس پر فائرنگ کردی۔ جس سے کانسٹیبل محسن ٹانگ پر فائر لگنے سے زخمی ہو گیا۔ ڈاکو بھاگ کر نذیر احمدکے گھر میں گھس گئے۔ تعاقب پر ڈاکوئوں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ شروع ہو گیا۔ اس دوران ہیڈ کانسٹیبل اسلام الحق اور گھر کے مالک نذیر احمد کی زوجہ 55 سالہ خاتون نسیم بی بی بھی ٹانگ پر گولی لگنے سے زخمی ہو گئے جبکہ ایک راہگیر بچے احمد کو گلی سے گزرتے ہوئے بازو پر فائر لگا۔ ڈاکو ساتھ والی گلی میں ملک شاہد کے گھر میں چھپ گئے۔ اسی اثنا میں پولیس، ڈولفن سکواڈ اور ایلیٹ فورس کی نفری موقع پر پہنچی۔ فائرنگ کے نتیجے میں ایس ایچ او سرور روڈ فاروق اعظم بھی ٹانگ پر گولی لگنے سے زخمی ہوگئے۔ دونوں اطراف سے گولیوں کے تبادلے کے دوران دونوں نامعلوم ڈاکو مارے گئے۔ جن کی عمریں 25 سے 30 سال کے درمیان ہیں۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے نعشیں پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانہ جمع کروا دی ہیں۔ اوکاڑہ سے نامہ نگار کے مطابق کوٹ شاہ مشتاق حجرہ شاہ مقیم کے رہائشی سردار زاہد حسن ظفر کے ڈیری فارم کی دیواریں پھلانگ کر چار ڈاکو اندر آ گئے۔ گاؤں کے رہائشی نے دیکھ کر شور مچا دیا۔ ایس ایچ بھی بھاری نفری کے ہمراہ پہنچ گئے۔ اسی دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ کی زد میں آکر ان کا اپنا ہی ساتھی ڈاکو مارا گیا تاحال شناخت نہیں ہو سکی ہے۔
لا ہور: 2ڈاکو مقابلے میں ہلاک، ایس ایچ او 2اہکاروں سمیت 5زخمی
Mar 25, 2021