ڈیرہ غازیخان (خبر نگار) ایڈیشنل آئی جی کیپٹن (ر) ظفر اقبال کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں آر پی او فیصل رانا،کمشنر ڈاکٹر ارشاداحمد،ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او سمیت اعلیٰ افسران نے شرکت کی،اجلاس میں ریجنل پولیس آفیسر ڈی آئی جی محمد فیصل رانا نے ڈی جی خان سمیت علاقہ میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے بریفنگ دی،آر پی او فیصل رانا نے کہا کہ ڈی جی خان کی حسین اور پرامن وادیوں کو ہر قسم کے قانون شکن ’لادیوں‘‘ سے بچانے کے لئے پولیس اورقانون نافذ کرنے والے اداروں کا مشترکہ آپریشن حتمی اور فیصلہ کن مرحلے میں ہے،قانون کے ہاتھوں شکست خوردہ عناصر قانون شکن لادی اور لادی نما عناصر قانون کی طرف سے دی جانے والی شکست کا بدلہ پر امن اور قانون پسند عوام سے لینا چاہتے ہیں،لیکن ہم نے عوام کے جان ومال کے تحفظ کا تہیہ کر رکھا ہے،قانون شکنوں کے خلاف جاری آپریشن میں ہمیں قانون پسند عوام کی بھر پور حمائت ہی نہیں پشت پناہی حاصل ہے،انہوں نے کہا کہ پولیس،بارڈر ملٹر پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے ایک مربوط حکمت عملی سے قانونی آپریشن کو کامیابی کی طرف لے جا رہے ہیں،انشا ء اللہ ڈی جی خان پرامن ترین علاقہ بنے گا جسے امن و امان کے حوالے سے مثال کے طور پر پیش کیا جائے گا،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی نے کہا کہ ڈی جی خان میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے قانون شکنوں کے خلاف جاری آپریشن اطمینان بخش نتائج دے رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ قانون سب سے طاقتور اور بالاتر ہے قانون سے طاقتور اور بالاتر کوئی تھا،ہے نہ ہو سکتا ہے،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ قانون شکنوں کے خلاف جاری آپریشن کو مزید تیز کیا جائے اور جتنی جلدی ممکن ہو قانون شکنوں کو قانون کی نکیل ڈالی جائے،اجلاس میں پولیس اور سول محکموں کے مابین قانون شکنوں کے خلاف جاری آپریشن کے حوالے سے تقسیم کار اور ذمہ دارریوں کے تعین کے حوالے سے تفصیلی روڈ میپ تیار کیا گیا