سعودی عرب میں املج کے ساحل پر پھنسی 40 ڈولفنز کو بچا لیا گیا

 سعودی عرب میں املج کے ساحل پر پھنسنے والی 40 ڈولفنز کو بچا لیا گیا، ڈولفنز تیمر کے درختوں میں پھنس گئی تھیں۔سعودی میڈیارپورٹس کے مطابق سعودی وزارت ماحولیات و پانی و زراعت نے املج کے ساحل پر پھنس جانے والی 40 ڈولفنز کو بچانے کے لیے امدادی آپریشن کامیابی سے مکمل کرلیا۔ڈولفنز کے بارے میں مقامی شہریوں نے اطلاع دی تھی کہ انہیں املج کے ساحل پر متعدد ڈولفنز دکھائی دی ہیں۔وزارت ماحولیات کے ماتحت قومی مرکز برائے افزائش، قدرتی حیاتیات اور مچھلیوں کی افزائش کے ادارے نے اس حوالے سے مشترکہ آپریشن کا پروگرام بنایا اور ماہرین کی ایک ٹیم تشکیل دی گئی۔املج کے ساحل کا جائزہ لینے سے پتہ چلا کہ 40 ڈولفنز سمندری طوفان میں بہہ کر مینگرووز کے درختوں میں آکر پھنس گئی تھیں، ہوائیں تیز تھیں اور لہریں زوردار تھیں۔ڈولفنز مینگرووز میں پھنس جانے کی وجہ سے کھلے سمندر کی طرف نکلنے میں کامیاب نہیں ہو سکیں، ان میں سے 7 جان کی بازی ہار گئیں۔ دیگر ڈولفنز کو محفوط علاقے میں منتقل کر کے گہرے سمندر کے حوالے کردیا گیا۔قومی مرکز برائے افزائش و قدرتی حیاتیات کے چیئرمین ڈاکٹر محمد علی قربان نے بتایا کہ ہر سمندر کے ساحل پر اس قسم کے واقعات پیش آتے رہتے ہیں، ریسرچ سینٹرز دنیا بھر میں ڈولفنز کے تحفظ کے لیے اقدامات اٹھاتے رہتے ہیں۔ڈاکٹر قربان نے ڈولفنز کو بچانے میں مثبت کردار ادا کرنے پر مقامی شہریوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

ای پیپر دی نیشن