کابل/ نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک+ نوائے وقت رپورٹ) چینی وزیر خارجہ وانگ ژی جمعرات کی صبح غیر اعلانیہ دورے پر اچانک کابل پہنچ گئے۔ چین کے وزیر خارجہ نے یہ دورہ ایک ایسے موقع پر کیا ہے جب ایک ہفتے بعد ہی 30 اور 31 مارچ کو بیجنگ، افغانستان کے پڑوسی ممالک کی دو روزہ کانفرنس کی میزبانی کرے گا جس میں اس بات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا کہ طالبان حکومت کی مدد کیسے کی جائے گی۔ اگست میں طالبان کی جانب سے ملک کا کنٹرول سنبھالے جانے کے بعد سے یہ کسی سینئر چینی رہنما کا پہلا دورہ افغانستان ہے۔ قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی نے کابل پہنچنے پر چینی وزیر کا استقبال کیا۔ ذرائع کے مطابق چینی وزیر خارجہ کے دورے سے طالبان حکومت کو سفارتی سطح پر مدد مل سکتی ہے۔ چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے افغان نائب وزیراعظم ملا برادر‘ وزیر خارجہ امیر متقی سے ملاقات کی۔ افغان میڈیا کے مطابق ملاقات میں چینی وزیرخارجہ نے افغان کان کنی اور معاشی منصوبوں میں سرمایہ کاری پر آمادگی ظاہر کی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق وانگ ژی افغانستان کے غیر اعلانیہ دورے کے بعد بھارت پہنچ گئے ہیں۔ آج ان کی بھارتی ہم منصب اور قومی سلامتی کے مشیر سے ملاقات کا امکان ہے۔