کراچی (نیوز رپورٹر) ایم کیو ایم پاکستان کی سندھ میں نئی ملازمتوں پر تقرری سے متعلق درخواست پر چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ احمد علی شیخ نے سماعت سے انکار کر دیا۔ چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے ایم کیوایم پاکستان کی جانب سے سندھ میں نئی ملازمتوں پر تقرری سے متعلق درخواست کو سماعت کے لیے جسٹس کے کے آغا کی سربراہی میں قائم دو رکنی بنچ کو ارسال کردیا۔ یاد رہے کہ گذشتہ سماعت پرایم کیوایم پاکستان کے وکیل طارق منصور نے چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ پر عدم اعتماد کا اظہار کیا تھا۔ ایم کیوایم کے وکیل نے چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ احمد علی ایم شیخ پر سنگین نوعیت کے الزامات عائد کیے تھے۔ گذشتہ سماعت میں طارق منصور ایڈووکیٹ نے چیف جسٹس کی عدالت میں تلخ جملوں کا تبادلہ بھی کیا تھا۔