کراچی (نیوز رپورٹر) عدالت نے دو لاپتا افراد کی بازیابی کیلیے نئی درخواستوں پر آئی جی سندھ اور دیگر متعلقہ ادروں کو نوٹس جاری کر دیے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں سندھ سے دو لاپتا افرادکی بازیابی کے لیے نئی درخواستوں پر کیس کی سماعت ہوئی۔ دورانِ سماعت آئی جی سندھ، متعلقہ ڈی آئی جیز، محکمہ داخلہ سندھ اور دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سندھ ہائیکورٹ نے فریقین سے ایک ماہ میں رپورٹ طلب کرلی۔ وکیلِ درخواست گزار نے عدالت کے سامنے مقف اپنایا کہ عبدالرشید کو جیکب آباد سے حراست میں لیا گیا۔ حراست میں لیے جانے کے بعد تاحال لاپتا ہے بازیاب کرایا جائے۔ درخواست گزار کی والدہ کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ بیٹے کو ماڈل کالونی کے علاقے سے حراست میں لیا گیا۔ بیٹے کی جان کو خطرہ ہے فوری بازیاب کرایا جائے۔ سندھ ہائیکورٹ میں درخواستوں کی سماعت جسٹس محمد اقبال کلہوڑو کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کی۔