کمرہ عدالت آدھا گھنٹہ پہلے بھر گیا  فواد چودھری کی احسن بھون اور اعظم تارڑ سے نوک جھونک، جملے کستے رہے ن لیگی رہنما کو مشورے، آپ نے جو پیسے دیئے واپس لے لیں، احسن بھون

Mar 25, 2022


 اسلام آباد (اعظم گِل/ خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ میں 63 اے کی تشریح کے لیے صدارتی ریفرنس کی سماعت کے موقع پرکمرہ عدالت نمبر ایک  سماعت سے آدھا گھنٹہ قبل ہی کھچا کھچ بھر گیا۔ چیف جسٹس کی ہدایت پر عدالت میں کھڑے افراد کو باہر بھیجا گیا۔ وفاقی وزیر شبلی فراز اور پیپلزپارٹی کی رہنما شیری رحمن پہلی قطار میں اکٹھے بیٹھے مسکراتے اور خوش گپیاں کرتے رہے۔ شبلی فراز نے شاہ محمود قریشی کو اپنی نشست دی۔ شاہ محمود قریشی اور پچھلی نشست پر بیٹھے انکے بیٹے رکن قومی اسمبلی زین قریشی اٹارنی جنرل کے دلائل کے دوران سوتے رہے۔ فرخ حبیب اور سینیٹر فیصل جاوید کمرہ عدالت میں کافی دیر کھڑے رہنے کے بعد نشست حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ سابق جج اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس شوکت عزیز صدیقی بھی سماعت کے دوران عدالت میں موجود تھے۔ لیگی رہنما احسن اقبال جسٹس شوکت عزیز صدیقی سے بات کرنے کی کوشش کرتے رہے۔ عدالتی کارروائی سے قبل اور دوران میں بار بار فواد چوہدری کبھی اعظم نذیر تارڑ سے احسن بھون کو اسپغول کا چھلکا پلانے کا کہتے تو کبھی احسن بھون کے کھڑے ہوکر بات کرنے پہ صبر، صبر کرنے کی تلقین کرتے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے ن لیگی سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے کہا کہ جا کر آپ بندے پورے کریں، حکومت ججز سے نہیں ووٹوں سے بنائی جاتی ہے۔ فواد چوہدری کیسپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر احسن بھون اور ن لیگی سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے ہلکی پھلکی نوک جھونک اور مکالمہ ہوا۔ فواد چوہدری نے احسن بھون کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بھون صاحب ہم آپکے ساتھ ہیں جس پر احسن بھون نے مسکراتے ہوئے کہا کہ جو آپ نے ہمیں پیسے دیے ہیں وہ واپس لے لیں، جس پر فواد چوہدری نے اپنے ساتھ بیٹھے اپنے بھائی فیصل چوہدری ایڈووکیٹ کے کندھے پہ ہاتھ رکھتے ہوئے احسن بھون سے کہا آپ آئین اور قانون کے ساتھ رہیں۔ ہمارے پاس پیسے نہیں ہیں ہم تو بس چائے کا کپ ہی پلا سکتے وہ جب چاہیں آکر پی لیں۔ عدالتی کارروائی کے دوران فواد چوہدری نے سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کو کہا کہ آج میں آپ لوگوں کی کلاس لینے والا ہوں جس پر اعظم نذیر تارڑ نے فواد چوہدری سے ہاتھ ملایا اور مسکراتے ہوئے احسن بھون کی طرف دیکھا اورکہا کہ ہم بھی آج آپ کی کلاس لیں گے۔ فواد چوہدری نے احسن بھون کو مخاطب کرتے ہوئے کہا میں بار کا ووٹر ہوں لیکن جہاد کا علم بلند کرتا ہوں۔ جس پر احسن بھون مسکرا دیئے۔ کمرہ عدالت میں موبائل فون کی پابندی کے باوجود فواد چوہدری بار بار اپنی جیب سے موبائل فون نکال کر وٹس ایپ چیک کرتے رہے۔ فواد چوہدری کو ساتھ کھڑے ایک شخص نے بتایا کہ پیپلزپارٹی کی رہنما شیری رحمن اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اکٹھے بیٹھے ہوئے ہیں، فواد چوہدری کے بھائی فیصل چوہدری نے وزیر اطلاعات کو بتایا کہ کچھ دیر قبل شبلی فراز بھی شیری رحمان کے ساتھ بیٹھے ہوئے تھے۔

مزیدخبریں