اسلام آباد (نامہ نگار) چئیرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب اقوام متحدہ کے انسداد بدعنوانی کے کنونشن کے تحت ملک پاکستان کا فوکل ادارہ ہے۔ نیب نہ صرف پاکستان میں بلکہ سارک ممالک کے لئے رول ماڈل کی حیثیت رکھتا ہے۔ نیب کو متفقہ طور پر سارک اینٹی کرپشن فورم کا چئیرمن منتخب کیا گیا جوکہ نیب کی کوششوں سے پاکستان کی بڑی کامیابی ہے۔ بھارت سمیت تمام سارک ممالک نے نیب کی کارکردگی کو سراہا ہے۔ نیب کی شاندار کارکردگی کو معتبر قومی و بین الاقوامی اداروں ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان، عالمی اقتصادی فورم، مشال پاکستان نے سراہا ہے۔ پاکستان اور چین پاکستان میں جاری سی پیک منصوبوں میں شفافیت یقینی بنانے کے لئے ملکر کام کر رہے ہیں۔ نیب ملک کا واحد ادارہ ہے جس نے اپنے قیام سے اب تک بدعنوان عناصر سے لوٹے گئے 822 ارب روپے برآمد کئے۔ بدعنوانی تمام برائیوں کی ماں ہے اور پاکستان کی ترقی میں ایک بڑی رکاوٹ ہے۔ نیب نے انسداد بدعنوانی کی قومی حکمت عملی وضع کی ہے۔ نیب کا کسی سیاسی جماعت گروپ اور فرد سے کوئی تعلق نہیں اس کی وابستگی صرف ریاست پاکستان سے ہے۔ نیب عوام دوست دارہ ہے جو سب کی عزت نفس کا خیال رکھنے پر سختی سے یقین رکھتا ہے۔