اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ خبر نگار خصوصی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ منظم اور پیشہ ور مسلح افواج کی موجودگی میں کوئی بھی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، قوم کی مضبوطی کیلئے ضروری ہے کہ فوج مضبوط رہے، دنیا میں اگر کسی نے دہشت گردی کا مقابلہ کیا تو وہ پاک فوج ہے، 23 مارچ کو یوم پاکستان کی شاندار پریڈ کے انعقاد پر میرا سر فخر سے بلند ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں یوم پاکستان کی پریڈ کے منتظمین کو اعزازات دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اپنی مضبوط مسلح افواج کی بدولت ہی مضبوط اور مستحکم ہے، پاکستان ہمیشہ مشکل صورتحال سے کامیابی سے نکلا ہے اور اس نے دشمن کی سازشوں کو ناکام بنایا ہے۔ علاوہ ازیں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یوم پاکستان کی مناسبت سے ملک کی تینوں مسلح افواج کے افسران اور پاک فوج کے شہید جوانوں کو عسکری اعزازات سے نوازا ہے۔ ایوان صدر میںپروقار تقریب ، پاک فوج کے 5 جوانوں کو بعد از شہادت ستارہ بسالت اور مسلح افواج کے 41 افسران کو ہلال امتیاز (عسکری) کے اعزازات سے نوازا گیا۔ ستارہ بسالت حاصل کرنے والوں میں حوالدار شعیب علی شہید، لانس حوالدار رحمان الحق شہید،لانس نائیک سید محمد عباس شہید، سپاہی محمد ساجدشہید اور سپاہی اسد خان شہید شامل ہیں۔ اس سے قبل یوم پاکستان کے موقع پر صدر پاکستان نے پاک فضائیہ کے افسران کو نان آپریشنل فوجی اعزازات سے نوازا۔ پاک فضائیہ میں قابل فخر خدمات سر انجام دینے پر ائیر وائس محمد ندیم صابر، ائیر وائس مارشل محمد قیصر جنجوعہ اور ائیر وائس مارشل شمس الحق کو ہلال امتیاز (ملٹری) کے اعزازات عطا کئے گئے۔ پاک فضائیہ کے21 افسران کو ستار امتیاز (ملٹری)،18 افسران کوتمغہ امتیاز (ملٹری) اور13 افسران کو امتیازی اسناد سے نوازا گیا۔ دوسری طرف صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ترک چیف آف جنرل سٹاف جنرل یاسرگلر نے ملاقات کی۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ پاکستان اور ترکی نے تجارت، ثقافت اور دفاعی شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ علاقائی اور بین الاقوامی فورمز پر ایک دوسرے کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان گہرے تعلقات ہیں۔ پاک ترک تعلقات کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔ تجارت، آئی ٹی اور دفاعی شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانا ہوگا۔ جنرل یاسر گلر نے کہا کہ ترکی ہر پلیٹ فارم پر پاکستان کی حمایت جاری رکھنے گا۔ پاک ترک تعلقات مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے جبکہ ترک افواج کے چیف آف جنرل سٹاف نے جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔ ترک جنرل نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق علاقائی سلامتی‘ افغانستان کی تازہ صورتحال پر گفتگو کی گئی۔ دوطرفہ فوجی اور دفاعی تعاون میں وسعت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستان اور ترکی ہر مشکل وقت کے ساتھی ہیں۔ تعلقات کو مزید وسعت دیں گے۔ چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو گارڈآف آنر پیش کیا۔ ترکی کے چیف آف جنرل سٹاف جنرل یاسر گلر نے چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی سے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ملاقات کی۔ نیول چیف نے ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرولز کے ذریعے خطے میں بحری سکیورٹی اور امن کو یقینی بنانے کے لیے پاک بحریہ کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ ترکی کے چیف آف جنرل سٹاف نے خطے میں مشترکہ بحری سکیورٹی کو برقرار رکھنے میں پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا۔ ترک مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف کے دورے سے دونوں ممالک کی افواج کے مابین دو طرفہ تعاون کومزید فروغ ملے گا۔ سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سے سربراہ ترکش جنرل سٹاف اور ایئر آفیسر کمانڈنگ 22 گروپ رائل ایئر فورس نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ان ملاقاتوں کے دوران پیشہ ورانہ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ترکش جنرل سٹاف جنرل یاسر گلر نے پیشہ ورانہ مہارت اور ایوی ایشن انڈسٹری میں خود انحصاری کی طرف گامزن پاک فضائیہ کی تعریف کی۔ سربراہ پاک فضائیہ نے ایئر آفیسر کمانڈنگ 22 گروپ رائل ایئر فورس، ایئر وائس مارشل رچرڈ میڈیسن کے ساتھ ایک علیحدہ ملاقات میں کہا کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ اپنے مضبوط سفارتی، اقتصادی اور دفاعی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی اور فوجی تعاون میں مزید بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کروائی۔