لاہور( بزنس رپورٹر) حکومت کی جانب سے قومی سطح کی شاندار خدمات کا اعتراف پی آئی اے کے چیف ہیومن ریسورس آفیسر ائر کموڈور عامر الطاف کو ستارہ امتیاز (ملٹری) سے نوازا گیا۔واضح رہے کہ پی آئی اے کی بحالی میں شعبہ ہیومن ریسورس کی ٹرانسفارمیشن کو سب سے اہم عنصر سمجھا جاتاہے ۔ذرائع کے مطابق ایئر مارشل ارشد ملک کی قیادت میں موجودہ انتظامیہ نے پی آئی اے کی بحالی اور تنظیم نوکا اہم کام سنبھالاتوانہوں نے پی آئی اے کے ایچ آر سے متعلق تمام مسائل کو حل کرنے کا بیڑہ اُٹھایا۔ ان کی اہم کامیابیوں میں ملازمین میں نظم و ضبط لانا، یونینز اور ایسوسی ایشنز کو ان کی قانونی حدود میں محدود کرنا، میرٹ پر مبنی فیصلے، ہیومن ریسورس کے عمل کو خودکار بنانا، ملازمین کے ریکارڈ کو ڈیجیٹلائز اور افرادی قوت کو دوبارہ مختص کرنا،جہاں اس کی ضرورت تھی۔ 750 جعلی ڈگریوں کے حامل ملازمین کی برخاستگی، 1300 گھوسٹ ملازمین اور سب سے بڑھ کر افرادی قوت کو معقول بنانا اور ملازمین کو ہوائی جہاز کے تناسب پر 520 ملازمین فی ہوائی جہاز سے 270 تک لانا جو انڈسٹری پریکٹس کے قریب تر ہے۔ ان کی پیشہ ورانہ قابلیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ائر کموڈور عامر الطاف نے پاکستان میں سب سے مشکل ہیومن ریسورس کی ذمہ داری کو احسن طریقے سے نبھایا۔اور اسٹریٹجک کامیابیاں حاصل کر کے قومی سطح پر خدمات انجام دیں۔