ٹیکس دہندگان کے ساتھ ناانصافی برداشت نہیں کی جائے گی: آصف محمود جاہ

لاہور( خصوصی رپورٹر)وفاقی ٹیکس محتسب ڈاکٹر آصف محمود جاہ نے کہا ہے کہ ملک بھر میں کسی بھی ٹیکس دہندہ کیساتھ ناانصافی برداشت نہیں کی جائے گی۔ لاہور چیمبر کے سابق سینئر نائب صدر مہر کاشف یونس کی قیادت میں تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ تاجر برادری خصوصا ٹیکس دہندگان کو بہت اہمیت دیتے ہیں اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو، ان لینڈ ریونیو سروسز یا کسٹمز کے عملے کی طرف سے کسی بھی بدانتظامی اور انہیں درپیش حقیقی شکایات کے قانون کے مطابق ازالے کیلئے پوری طرح پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی آگاہی سیمینار منعقد کر رہے ہیں تاکہ تاجر برادری کو ایف ٹی او کے کردار اور کام کے بارے میں آگاہی فراہم کی جا سکے۔ جبکہ فوری کارروائی کیلئے ایف ٹی او کیساتھ بہتر رابطے کیلئے چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز میں بزنس کوآرڈینیٹرز بھی تعینات کیے گئے ہیں۔ قبل ازیں ڈاکٹر آصف محمود جاہ نے بزرگ تاجر رہنما اور سارک چیمبر کے صدر افتخار علی ملک سے ملاقات کی اور ٹیکس دہندگان کی شکایات پر قابو پانے کے حوالے سے ایف ٹی او دفاتر میں مزید بہتری کیلئے تبادلہ خیال کیا ۔ 

ای پیپر دی نیشن