لاہور(کامرس پورٹر) وزیر خزانہ پنجاب مخدوم ہاشم جواں بخت نے کہا ہے کہ کوویڈ 19کے دوران پاکستان کی کارکردگی وباء کا مقابلہ کرنے والے دیگر ممالک سے بہت بہتر رہی۔ ہم نے ناصرف صحت کے میدان میں دوسرے ممالک سے بہتر حکمت عملی کا مظاہرہ کیا بلکہ ہمارے معاشی اشارئیے بھی دیگر ممالک سے بہتر رہے۔ سمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی وباء کی رفتار پر کنٹرول کیلئے موثر ثابت ہوئی۔ ہسپتالوں میں مریضوں کی تعداد اور وباء سے تحفظ کی سہولیات میں تناسب کے سبب شرح اموات میں بھی نسبتاً کمی دیکھی گئی۔ احساس پروگرام نے دیہاڑی دار طبقے کیلئے سہولت پیدا کی جبکہ سرمایہ دار طبقہ نے سٹیٹ بنک کے خصوصی اقدامات استفادہ کیا۔ کاروبار کی بحالی نے معیشت کا پہیہ رواں رکھا جس کا سہرا بلاشبہ موجودہ حکومت کے سر ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں ایسوسی ایش آف چارٹرڈ سرٹیفائیڈ اکاؤنٹس کے زیر اہتمام پاکستان لیڈر شپ کنورسیشن2022ء کے دوسرے سیشن ’’ٹیلنٹ، ٹیکنالوجی اور ٹرانسفارمیشن پاکستان میں تیز رفتار پائیدارترقی میں شراکت دار ہیں‘‘ سے خطاب کے دوران کیا۔
کوویڈ 19: پاکستان کی کارکردگی دیگر ممالک بہتر رہی:ہاشم جواں بخت
Mar 25, 2022