خیرپور(بیورو رپورٹ ) سکھر یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے امر صحافی اجے لالوانی کی پہلی برسی کی تقریب کا اہتمام کیا گیا، پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ آئی جی سندھ نے اجے لالوانی قتل کیس میں غلط بیانی کی، آئی جی سندھ نے اسٹینڈنگ کمیٹی کو بتایا کہ قتل کیس میں نامزد تمام ملزمان گرفتار ہیں، اس وقت میں نے اعتراض کیا کہ پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے ملزمان کو گرفتار نہیں کیا گیا ہے وہ ملزمان لواحقین کو قتل کیس سے دستبردار ہونے کے لیے دھمکیاں دے رہے ہیں لیکن اجے لالوانی کے لواحقین خود کو تنہا نہ سمجھیں پارلیمنٹ سمیت ہر فورم پر اجے لالوانی قتل کیس کے حوالے سے آواز بلند کی جائے گی۔ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے مرکزی صدر جی ایم جمالی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اجے لالوانی قتل کیس کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ تاحال کیس کی پیروی کی جارہی ہے، اجے لالوانی کو سچ لکھنے کے پاداش میں قتل کیا گیا،سندھ صحافی اتحاد کے سربراہ نعمت کھوڑو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اجے لالوانی کے خون سے انقلاب آیا ہے۔ اگر کسی صحافی کے ساتھ نا انصافی ہوئی تو اس سے بڑا ردعمل کا مظاہرہ کیا جائے گا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے مرکزی نائب صدر امداد پھلپوٹو نے انکشاف کیا کہ اجے لالوانی قتل وقت کچھ نام نہاد صحافیوں نے خون کا سودہ کرنے کی کوشش کی لیکن اجے لالوانی کے لواحقین نے ایسے صحافیوں سے تعزیت تک وصول نہیں کی۔
صحافی اجے لعل لالوانی کے ورثاء کو انصاف دلائینگے‘ سینیٹر سیف اللہ
Mar 25, 2022