اسلامی دنیا متفقہ حکمت عملی اپنائے ،او آئی سی کی میزبانی خوش آئند:ساجد علی نقوی

Mar 25, 2022

 
لاہور ( خصوصی نامہ نگار ) قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ او آئی سی وزرائے خارجہ کی پاکستان آمداور اسلام آباد کی میزبانی میں اجلاس کا انعقاد خوش آئند اقدام ہے۔ فلسطین و کشمیر سمیت اسلامی دنیا کے اپنے مسائل کے حوالے سے دنیا باالخصوص مسلم دنیا کی نظریں او آئی سی پر ہیں۔ جنوبی ایشیا میں امن و امان مسئلہ کشمیر و پر امن افغانستان جبکہ مشرق وسطیٰ میں مسئلہ فلسطین کے حل کیساتھ امن جڑا ہوا ہے۔ اسلامی دنیا جب تک اپنے مسائل کیلئے متفقہ حکمت عملی نہیں اپنائے گی اس وقت دنیا متوجہ نہیں ہوگی۔ اسرائیل و بھارت قابض ریاستیں ہیں ،ان سے مطالبات کی بجائے ان کیخلاف عملی اقدامات ضروری ہیں۔ قراردادوں پر عملدرآمد کے عزم کے اعادہ کے ساتھ اب وقت آگیاہے کہ ان پر عملدرآمد کیلئے تیز ترین اقدامات اٹھائے جائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے پاکستان کی میزبانی میں او آئی سی کے 48 ویں وزرائے خارجہ اجلاس کے اسلام آباد میں انعقا د ، متفقہ اعلامیہ پر تبصرہ کرتے ہوئے کیا۔ قائد ملت جعفریہ پاکستان نے کہاکہ اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ ایسے موقع پر اکٹھے ہوئے جب ایک جانب کشمیر میں ظلم و ستم اپنی انتہاء پر ہے تو دوسری جانب فلسطین میں آئے روز نہ صرف اسرائیل جیسی ناجائز ریاست مظالم کے پہاڑ ڈھا رہی ہے بلکہ مختلف حوالوں سے دنیا کو دھوکہ دینے میں مصروف ہے۔

مزیدخبریں