مادر وطن کو اتحاد و اتفاق کی ضرورت ہے۔ مبشر قادری ضیائی

Mar 25, 2022

کراچی (نیوز رپورٹر) انجمن ضیاء طیبہ کے مرکزی چیئرمین ممتاز اسلامی ریسرچ اسکالر سید مبشر قادری، اللہ رکھا ضیائی نے یوم پاکستان کے موقع پر کہاکہ 23 مارچ مسلمانوں کی تاریخی جدوجہد کی علامت اور پاکستان کی اساس کی حیثیت رکھتا ہے۔ تحریک پاکستان اور آزادی پاکستان کا خواب کی حقیقت کے پیچھے امام اہلسنت فاضل بریلوی امام احمد رضا خان کا پیش کردہ دو قومی نظریے نے پاکستان کی حقیقی بنیاد رکھی۔ منٹو پارک میں لاکھوں مسلمانوں کا عظیم الشان اجتماع منعقد ہوا۔ اور تاریخی قرار داد پیش کی جو پاکستان کی اساس بنی۔ یہ حقیقت ہے کہ فوج کشی سے ملکی سرحدیں سمٹی اور بڑھتی رہتی ہیں لیکن ایک عزم کا اظہار اور اس کیلئے آئینی جدوجہد کی شاید ہی دنیا میں ایسی مثال ملے کہ ایک قوم نے مذہب کے رشتہ سے یک جان ہو کر دنیا میں سب سے بڑی اسلامی مملکت صرف سات سال کے قلیل عرصہ میں حاصل کی ہو۔ آزادی ایک بہت بڑی نعمت ہے اس کی قدر تب ہی محسوس ہوتی ہے جب یہ نعمت میسر نہ ہو۔ انگریز کے دور حکومت میں مسلمانوں نے جو قربانیاں دی ہیں۔ تاریخ کے اوراق ان سے بھرے پڑے ہیں۔  مادر وطن کو درپیش چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لئے اتحاد و اتفاق اور یگانگت کی ضرورت ہے۔ 23 مارچ قرار داد پاکستان جس نے تاریخ کا دھارا اور برصغیر کا جغرافیہ بدل دیا ۔ موجودہ حالات بہت مشکل اور صبر آزما ہیں لیکن قوموں کی تاریخ میں ایسے مرحلے آتے رہتے ہیں شب سیاہ اپنے ساتھ ہمیشہ ایک صبح نو کا پیغام لاتی ہے کیونکہ یہی نظام قدرت ہے ۔23 مارچ کا دن تاریخی ہے جس میں ایک مرد قلندر نے انگریزوں کی سیاسی آمریت اور ہندوئوں کی متحدہ قومیت کے مکارانہ جال کو تار تار کر دیا۔ 23مارچ وہ تاریخ ساز دن ہے جب1940 میں تاریخی شہر لاہور میں بادشاہی مسجد کے زیر سایہ منعقد ہ آل انڈیا مسلم لیگ کے اجلاس میں متفقہ طور پر قرار داد منظور کی گئی اور پھر قائد اعظم محمد علی جناح کی لازوال قیادت میں مسلمانان ہند اپنی جدوجہد میں کامیاب ہوئے اور تقریباً سات سال بعد 14 اگست1947 کو مدینے کی ریاست کے بعد ماہ رمضان میں سب سے بڑا اسلامی ملک پاکستان کلمے کے نام پر دنیا کے نقشے پر ابھرآیا۔ مادر وطن کو آج جن مسائل کا سامنا ہے شاید پہلے کبھی نہیں تھا جس کیلئے ہر پاکستانی کو بغیر امتیاز رنگ و نسل او رتعصب ایک قوم و ملت بن کر یکجہتی کا مظاہرہ کر کے اتحاد و اتفاق اور یگانگ کا ثبوت دینا ہی مادر وطن کے قرض اتارنے کے مترادف ہے۔ مادر وطن کے تقدس اور تحفظ کیلئے اس کی چادر پر اپنی جان نچھاور کرنے کیلئے ہمیں ہر وقت تیار رہنا ہوگا۔ لسانیت، تعصب، دہشتگردی اور فرقہ واریت کے عذاب سے نجات کیلئے جرأت مندانہ فیصلے کرنا ہونگے۔ جن سے اللہ کی رضا کے ساتھ ساتھ ہمارا ایمان پاکستان اور سلامتی و تحفظ کی ضمانت حاصل ہو سکے اور جو قرار داد مقاصد اور یوم پاکستان کی اصل صحیح روح ہے۔

مزیدخبریں