کراچی (نیوز رپورٹر)دعوت اسلامی کے امیر علامہ مولانا ابوالبلال محمد الیاس عطار قادری نے کہا ہے کہ توکل یعنی اللہ پاک کی ذات پر بھروسہ ، یہ ضروری بھی ہے کیونکہ اس کے بغیر ہمارا گزارا نہیں ۔اگر اس بات کا یقین ہوجائے کہ روزی اللہ نے اپنے ذمہ کرم پر لی ہوئی ہے ،جس کو جتنا عرصہ زندہ رکھنا اس نے مقدر فرمایا ہے کہ فلاں شخص اتنے عرصہ زندہ رہے گا ،اب اس کی روزی وہ خود عطا فرمائے گا ،کیا انسان تو کیا جانور ۔جانوروں پر ذرا غورکریں کہ جب صبح پرندے اڑتے ہیں تو ان کا پیٹ خالی ہوتا ہے اور جب شام کو واپس آتے ہیں تو ان کا پیٹ بھرا ہوتا ہے رات کیلئے ان کے پاس کچھ نہیں ہوتا،انسان،چیونٹی اور چوہا یہ تین مخلوق ایسی ہیں جوکل کیلئے جمع کرتے ہیں ،چیونٹی اور چوہا تو صرف غذا جمع کرتے ہیں مگر انسان بہت کچھ جمع کرتا ہے ، بہت کچھ ہونے کے بعد بھی مزید کی طلب میں رہتا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ میں منعقد ہونے والے ہفتہ وار مدنی مذاکرے میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ امیر اہل سنت نے کہا کہ ایسے بھی لوگ ہیں جن کی سات نسلیں بیٹھ کر کھائیں اتنا ہونے کے باوجود بھی مزید کی طلب میں رہتے ہیں،دولت کس طرح بڑھے ہر شخص اس کی جدوجہد میں لگا ہو اہے ،اس کیلئے میٹنگ کرتے ہیں ،ٹیکنالوجی کا سہارا لیتے ہیں ،سوچ بچار کرتے ہیں کہ کہاں سے زیادہ پیسے آئیں گے ،کس علاقے ،کس شہر یا کس ملک میں برانچ کھولی جائے کہ جہاں سے مال زیادہ زیادہ مل جائے ۔ جب کہ نیکیاں نہ ہونے کے برابر ہیں ان کے بڑھانے کا تصور نہیں ہے۔