لاہور ( خصوصی نامہ نگار )پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ او آئی سی کی میزبانی پاکستان کیلئے ایک بڑا اعزاز ہے۔ بین الاقوامی سیاست میں فعال کردار کیلئے او آئی سی کا فعال ہونا ضروری ہے۔ او آئی سی کے پلیٹ فارم پر کشمیر اورفلسطین پر بحث خوش آئند ہے۔ مشترکہ دفاع، مشترکہ کرنسی اور مشترکہ تجارت پر بات ہونی چاہیے۔ آج کے گلوبل ورلڈ میں تنہا آگے بڑھنا اب ممکن نہیں ہے اس لیے معدنی و افرادی وسائل سے مالا مال اسلامی ممالک کو ایک دوسرے کے وسائل اور تجربات سے استفادہ کرنا چاہیے۔بالخصوص ای کامرس اور ڈیجیٹل میڈیا پر لیڈنگ رول کیلئے خود کو تیار کرنا چاہیے۔ گزشتہ 3دہائیاں عالم اسلام کیلئے بہت کٹھن رہیں۔ پائیدار امن کیلئے عالم اسلام کا باہمی اتحاد ناگزیر ہے۔ اسلام واحد الہامی مذہب ہے جس نے بے گناہ انسانی جان کے قتل اور فساد فی الارض کو سنگین جرم قرار دیا ہے۔