یوم پاکستان پرڈی جی پی آرکوپنجاب فلوٹ پیش کرنے پر ایوارڈ دیاگیا

Mar 25, 2022


لاہور(نیوز رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز پنجاب اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب کونسلز آف آرٹس ثمن رائے نے صدر پاکستان عارف علوی سے یوم پاکستان کی پریڈ کے موقع پر پنجاب فلوٹ پیش کرنے پر ایوارڈ وصول کیا۔ راولپنڈی آرٹس کونسل میں تقریب کے دوران ثمن رائے نے بتایا کہ صدر عارف علوی نے پنجاب فلوٹ میں دلچسپی کا اظہار کیا اور پنجاب کی کلچر، تاریخ اور ترقیاتی منصوبوں پر مشتمل فلوٹ کی تیاری پر پوری ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔ یوم پاکستان کی پریڈ پر پیش کیا جانیوالا پنجاب کا فلوٹ80 فٹ طویل تھا جو کہ دیگر تمام صوبوں اور وفاق کی اکائیوں کے فلوٹ سے بڑا تھا۔ ثمن رائے نے کہا کہ پنجاب کے فلوٹ میں انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی اور 500 بستر پر مشتمل نشتر ٹو ہسپتال کے ماڈل خصوصی طور پر پیش کئے گے۔ پنجاب کی ثقافت کے علاوہ کرتار پور راہداری اور قومی صحت کارڈ بھی فلوٹ میں پیش کئے گے جو توجہ کا مرکز بنے رہے۔اس موقع پر ڈائریکٹر راولپنڈی آرٹس کونسل وقار احمد بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے فلوٹ کی تیاری میں پوری ٹیم نے شبانہ روز کام کیا اور اپنی محنت اور خداداد صلاحیتوں کے بل بوتے پر ایسا فلوٹ تیار کیا جو عوام کا مرکز نگاہ بنا رہا اور حکومتی سطح پر اسکی پزیرائی کی گئی۔ فلوٹ کی تیاری میں سیکرٹری انفارمیشن اینڈ کلچر راجہ جہانگیر اور ڈی جی پی آر ثمن رائے کی مشاورت شامل حال رہی۔  فلوٹ کی تیاری میں حصہ لینے والے تمام افسروں اور اہلکاروں کی خدمات کو سراہا۔

مزیدخبریں