لاہور (سٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر تعلیم پنجاب مراد راس کا ایجوکیشن ڈائیلاگ کی تقریب میں شرکت کے موقع پر بلاگرز سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آج وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ڈیجیٹل پاکستان کے ویژن کے عین مطابق محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب مکمل طور پر ڈیجٹلائیز ہو چکا ہے اور ادارے کے تمام امور آن لائن سسٹم کے تحت چل رہے ہیں۔مراد راس نے کہا کہ آج ہمارے اساتذہ چھٹیاں، اے سی آرز، ریٹائرمنٹ، تبادلے جیسے تمام دیگر امور آن لائن پورٹل کی مدد سے با آسانی گھر بیٹھے مکمل کر سکتے ہیں۔ اگلے 2 ماہ کے دوران اساتذہ کی پروموشن کا نظام بھی آن لائن کر دیا جائے گا۔ ایجوکیشن ڈائیلاگ تقریب کا انعقاد 90 شاہراہ قائد اعظم مال روڈ لاہور پر کیا گیا اور اس موقع پر معروف شوبز شخصیت احمد علی بٹ، منیب نواز، و دیگر بلاگرز اور انفلوینسرز شریک ہوئے۔ ملاقات کا مقصد بلاگرز کمیونٹی کو محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب کی اب تک کی کارکردگی کے حوالے آگاہ کرنا تھا۔ مراد راس نے کہا کہ سکول کھانا پروگرام کا فروغ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پرائمری سکول میں روزانہ ایک وقت کا معیاری کھانا بچوں کو فراہم کرنے کیلئے سالانہ مخض 15 لاکھ روپے درکار ہیں اور سکول کھانا پروگرام کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت مزید آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ سکولوں میں قرآن کریم کی کلاسز کا آغاز انتہائی خوش آئند ہے۔ سکولوں کی سطح پر قرآن مجید کی باقاعدہ کلاسز سے ہمارے بچوں کی بہترین اور مثالی تربیت ہو گی۔
محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب مکمل طور پر ڈیجٹلائیز ہو چکا :مرادراس
Mar 25, 2022