زیر تبصرہ کتاب نوجوان دانش ور اور انگریزی زبان و ادب کے محقق شاعر اور ادیب ٹی ۔ ایم بٹ (طارق محمود بٹ) کے 36 مضامین کا مجموعہ ہے جو انہوں نے خدا اور سائنس کے موضوع پر مختلف مواقع پر تحریرکئے اور اب انہیں کتابی شکل میں شائع کر دیا ہے۔ ٹی۔ ایم بٹ کے اکثر مضامین اور شاعری معاصرانگریزی اخبارات اور جرائد میں شائع ہوکر داد و تحسین حاصل کر چکے ہیں۔ ٹی ۔ ایم بٹ کا میدان مذہب‘اسلامیات‘ سوشل سائنسز ہے۔ اس سے قبل بھی وہ ایک کتاب شائع کر چکے ہیں۔ سائنس میں خدا کی تلاش ہے کیوں کی جائے؟ یہ اور اس سے جڑے دیگر سوالات کا اس مختصر سی کتاب میں جواب دینے کی کوشش کی گئی ہے۔کتاب کے اہم موضوعات میں ’’علامہ اقبال کا سائنس اور مذہب پر نقط نظر‘‘۔ ’’قرآن مجید ایک الہامی انقلاب‘ ’’سائنسدان اور مذہب‘‘۔ ’’مسلمان مفکرین اور سائنس‘‘۔ ’’ ،منصور حلاج‘‘، ’’امام غزالی‘ ،’’حضرت شاہ ولی اﷲ‘ ’’زمین بیضوی شکل میں‘‘۔ ’’تخلیق کائنات‘‘ ۔ قرآن مجید کے معجزات‘‘۔ ’’اﷲ کے وجود کے سائنسی شواہد‘‘۔ ’’چاند اور مریخ میں خوبصورت گھر‘‘۔ سائنس کی ناکامی‘‘۔ ’’انسانی کلوننگ‘‘ ۔ اور’’قرآن مجید کی فوقیت‘‘ خاص طور پر قابل ذکر ہیں۔ یہ موضوعات ایسے ہیں کہ جن میں قاری کیلئے دلچسپی کا تمام تر سامان موجود ہے۔ مصنف نے بڑی محنت اور عرق ریزی کے ساتھ ان موضوعات کو کھنگالا ہے اور پھر ان کی روشنی میں ایک نتیجے کے ساتھ انہیں صفحہ قرطاس پر منتقل کر دیا ہے۔ ہر موضوع پر بحث کرتے ہوئے قرآنی حوالے بھی ساتھ دیئے گئے ہیں۔ جس کی وجہ سے اس تحریر کو ایک سند اور اعتباریت میسر آ گئی ہے۔ 96 صفحات پر مشتمل اس کتاب کے سرورق کو چاند پر اترنے والی چاند گاڑی کی تصویر سے مزین کیا گیا ہے۔ کتاب پر کوئی قیمت درج نہیں ہے۔ تاہم یہ کتاب مصنف سے درج ذیل فون نمبر پر براہ راست طلب کی جا سکتی ہے۔ (ٹی۔ ایم بٹ فون نمبر 0335-4105429 ۔ (تبصرہ نگار شہباز انور خان)