ننکانہ صاحب(نامہ نگار) ڈپٹی کمشنرآفس کے کمیٹی روم میںڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کے اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت ڈپٹی کمشنرننکانہ زاہد پرویز وڑائچ نے کی اجلاس میں ڈی ایچ او ڈاکٹر کامران واجد، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شہزاد اکرم، سیکرٹری کوالٹی کنٹرول بورڈ اسماء رشیدسمیت تمام متعلقہ افسروںنے اجلاس میں شرکت کی اس موقع پر ڈی ایچ او ڈاکٹر کامران واجد نے ضلع بھر میں زائد المیعاد اور نشہ آور ادویات فروخت کرنیوالوں کیخلاف کارروائیوں اور ڈینگی سرویلنس کے حوالے سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں 5 کیسوں کی سماعت کرتے ایک فارمیسی کو وارننگ جبکہ 4 میڈیکل سٹوروں کو ری چیکنگ کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔ڈپٹی کمشنر ننکانہ زاہد پرویزوڑائچ نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ زائد المیعاداور نشہ آور ادویات فروخت کرنیوالے میڈیکل سٹورز کے خلاف کریک ڈائون کو مزید تیز کیا جائے، ضلع بھرکی عوام کو ڈینگی وباء سے محفوظ رکھنے کے لیے تمام تروسائل کو بروئے کار لایا جائے،ضلع بھرمیں ڈینگی کی روک تھام کے لیے تمام محکمے اپنی ذمہ داریوں کو پورا کریں۔علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر ننکانہ زاہد پرویز وڑائچ نے کہا کہ ضلع بھر میں ضلعی محکمہ تحفظ ماحول ننکانہ کی سربراہی میں اینٹوں کے بھٹوںپر زگ زیگ ٹیکنالوجی کا استعمال نہ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے۔