تونسہ؍سیدوالا؍ راولپنڈی (نامہ نگاران) سید والا میں مفت آٹا غریب لوگوں میں تقسیم کرنے کی بجائے من پسند منظور نظر لوگوں کو دیا جانے لگا۔ غریب لوگ قطاروں میں کھڑے ہونے کے بعد شام کو خالی ہاتھ لوٹ گئے۔ ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب سیدوالا دورہ کے دوران شہری اور صحافیوں کے سوالات پر سیخ پا ہو کر بغیر کسی سوال کا جواب دیے واپس لوٹ گئے۔ سید والا میں آٹے کی تقسیم کا سلسلہ شروع کیا گیا۔ لوگ موبائل مسیجز کے ساتھ قطاروں میں کھڑے ہو گئے۔ ابھی چند افراد کو ہی آٹا مل سکا ہو گا کہ ایک غیبی کال آنے پر یونین کونسل سے مفت آٹے کا سٹال ختم کر کے قصبہ سید والا سے دو کلومیٹر دور جڑانوالہ روڈ پر منتقل کر دیا گیا۔ راولپنڈی کے علاقے دھمیال میں مفت آٹے کا ٹرک پہنچا تو شہریوں نے انتظامیہ کی ایک نہ سنی اور آٹے کا پورا ٹرک لوٹ لیا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں لوگوں کو مفت آٹے کے ٹرک سے تھیلے لے جاتے ہوئے واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ اس موقع پر خواتین اور بزرگوں کی بڑی تعداد بھی موجود ہے۔ تونسہ میں فری آٹا سکیم کے دوران خواتین کا اسسٹنٹ کمشنر تونسہ پر حملہ، اسسٹنٹ کمشنر تونسہ کی واسکٹ اتار لی۔ اسسٹنٹ کمشنر تونسہ گاڑی میں بیٹھ کر جان بچانے میں کامیاب ہوئے۔ سپورٹس سٹیڈیم میں خواتین نے نئے تعینات اسسٹنٹ کمشنر عامر جلبانی پر حملہ کردیا اور ان سے بداخلاقی کی، نعرے بازی کرتے رہے۔ واسکٹ واپس لینے کی کوشش پر گارڈ نے خاتون کو تھپڑ مار دیا۔ جس پر خواتین نے گارڈ پر بھی حملہ کردیا۔ اے سی تونسہ کی بھاگنے کی کوشش، لوگوں نے اے سی کی کار پر بھی حملہ کردیا اور کار پر تھپڑ مار دیئے جس پر پولیس کی بھاری نفری سٹیڈیم پہنچ گئی۔ پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو1122 خیرپور ٹامیوالی کے سٹاف کی رپورٹ کے مطابق ایک شخص ڈسٹری بیوشن سنٹر خیرپور ٹامیوالی پر آٹا لینے کے بعد موٹر سائیکل پر سوار ہونے کے دوران اچانک گر کر بیہوش ہوگیا۔