نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ) بھارتی پارلیمنٹ نے اپوزیشن رہنما راہول گاندھی کو نااہل قرار دے دیا۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق بھارتی پارلیمنٹ نے گزشتہ روز بھارتی عدالت کی جانب سے ہتک عزت کیس میں مجرم قرار دینے کے فیصلے کے بعد راہول گاندھی کو نااہل قرار دیا ہے۔ کانگریس رہنما نے 2019ءمیں ایک انتخابی ریلی کے دوران مودی سرنیم سے متعلق بیان دیا تھا۔ گزشتہ روز عدالت نے(صفحہ4 پر بقیہ نمبر34)
راہول گاندھی کو دو سال قید کی سزا سنا کر فوری ضمانت منظور کرلی تھی۔ خیال رہے کہ راہول گاندھی بھارتی ریاست کیرالہ سے لوک سبھا (ایوان زیریں) کے ممبر منتخب ہوئے تھے۔ لوک سبھا سیکرٹریٹ نے راہول گاندھی کی نااہلی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ راہول گاندھی کے خلاف کیس بی جے پی کے ایم ایل اے اور سابق وزیر پرنیش مودی نے دائر کیا تھا، جس میں راہول گاندھی پر الزام تھا کہ انہوں نے مودی سرنیم رکھنے والوں کو چور کہہ کر مخاطب کیا۔ راہول گاندھی نے 2019ءمیں لوک سبھا کی الیکشن مہم کے دوران یہ بیان ایک ریلی کے دوران دیا تھا، جس کے خلاف درخواست گزار نے موقف اختیار کیا تھا کہ راہول گاندھی نے تمام مودی برادری کی توہین کی ہے۔ گجرات کی عدالت نے راہول گاندھی کی 30 روز کے لیے ضمانت منظور کی تھی، راہول گاندھی نے عدالتی فیصلہ چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے۔
مودی کیخلاف بیان پر سزا : بھارتی پارلیمنٹ نے راہول گاندھی کو نا اہل قراردیدیا
Mar 25, 2023