لاہور (کامرس رپورٹر) ادارہ قومی تشخص کے صدر ڈاکٹر صدف علی نے یوم پاکستان کے موقع پر ایک بیان میں کہا ہے کہ 23 مارچ 1940ء دنیا بھر کے مسلمانوں اور خصوصاً برصغیر کے مسلمانوں کیلئے ایک یادگار دن کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس تاریخ ساز دن کے موقع پر ہندوستان میں رہنے والے مسلمانوں نے قائداعظم کی قیادت میں ہندوئوں‘ سکھوں سے علیحدہ اپنے لئے پاک وطن کا مطالبہ کیاتھا۔ منٹو پارک لاہور میں 23 مارچ کو عظیم الشان جلسہ عام میں علیحدہ ملک پاکستان بنانے کیلئے قراردادپاکستان پیش کی گئی تھی جس کا تصور علامہ اقبال نے پیش کیا تھا ۔قائداعظم نے مسلمانان برصغیر کے ساتھ 1940ء سے 1947ء تک طویل جدوجہد کرتے ہوئے انگریز حکومت اور ہندو سکھوں کے گٹھ جوڑ کے باوجود اللہ کی حمایت و طاقت ایمانی سے دنیا کا سب سے بڑا اسلامی ملک پاکستان حاصل کیا تھا۔ ڈاکٹر صدف علی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ہماری نئی نسل کو انگلش میڈیم سکولوں اور ہمارے نونہالوں کو مغربی لباس اور ثقافت سے نجات دلائی جائے اور ہر سطح پر تعلیمی اداروں میں قومی زبان اور قومی لباس کو رائج کیا جائے تاکہ ہم نئی نسل کو بھی دو قومی نظریہ سے روشناس کرا سکیں۔