لاہور(نیوز رپورٹر،کامرس رپورٹر )صوبائی وزیر صنعت و تجارت و توانائی ایس ایم تنویر کی زیر صدارت زراعت ہاؤس میں پنجاب سیڈ کونسل کا 56 واں اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں پبلک پرائیویٹ سیکٹر کی زرعی اجناس کے بیجوں کی 56نئی اقسام کی منظوری دی گئی،جن میں دھان،ہائبرڈ مکئی، جئی،چنے،مونگ پھلی،رائیا،سورج مکھی، تل، برسیم، کھجور، گندم اور کپاس کی اقسام شامل تھیں۔مجموعی طو پرپنجاب سیڈ کونسل کے56 ویں اجلاس میں صوبائی وزیر نے 56 نئی اقسام کی عام کاشت کیلئے منظوری دی گئی جبکہ 7مختلف فصلات کی اقسام کو ڈی این اے فنگر پرنٹس رپورٹس15 دن کے اندر جمع کرانے کی ہدایت کی گئی۔ اس موقع پر صوبائی وزیرصنعت،تجارت و توانائی پنجاب ایس ایم تنویر نے فصلات کی مختلف اقسام کے سلسلہ میں درپیش مسائل کا جائزہ لینے کیلئے سب کمیٹی ’’سبز انقلاب2 ‘‘قائم کرنے کی ہدایت کی۔انھوں نے نئی اقسام کی تیاری پر زرعی سائنسدانوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ریسرچ ٹرائلز کو مزید بہتر کرنے کی ہدایت کی اور آئندہ کیلئے پنجاب سیڈ کونسل میں زرعی اجناس کی اقسام کی منظوری کو ورائٹی رجسٹریشن اور ڈی این اے فنگر پرنٹنگ کو لازما لانے کی ہدایت کی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت معیاری بیج کی تیاری پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ عالمی معیار کے بیج سے ہم زرعی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کر سکیں جس سے ملکی برآمدات میں بھی اضافہ ہوگا۔ حکومت پنجاب کاشتکاروں کو پیداواری اہداف کے حصول کیلئے معیاری زرعی مداخل کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے۔فصلات کی نئی اقسام کا منظور شدہ اقسام کا بیج سے ملکی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ہوگا۔اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب واصف خورشیدنے زرعی اجناس کی نئی اقسام کی دریافت کرتے وقت معیارکو برقرار رکھنے کی ہدایات کرتے ہوئے کہا کہ زیادہ اقسام کی دریافت کی بجائے ایسی اقسام دریافت کی جائیں جو فیلڈ میں بہتر رزلٹ دے سکیں۔ ہمارے ملک میں روایتی زراعت کے علاوہ کھجور اور پھلوں کی پیداوار میں اضافہ کے مواقع موجود ہیں۔سیکرٹری زراعت نے جدید ہارویسٹنگ ٹیکنالوجی کو متعارف کروانے پر زور دیا۔ انھوں زرعی سائنسدانوں پر زور دیا کہ وہ ایسی اقسام دریافت کریں جو فیلڈ میں پانچ سال یا اْس سے زیادہ عرصہ تک کاشتکاروں کی پیداواری لاگت کو کم رکھتے ہوئے منافع کا باعث بن سکیں۔ قوت ِ مدافعت کی حامل فصلات کی نئی اقسام کی تیاری کی جا رہی ہے تاکہ فصلات پر بیماریوں کا حملہ کم سے کم ہو اور فی ایکڑ زرعی پیداوار میں اضافہ ہو سکے۔ سیکرٹری زراعت نے خالص بیج اور بریڈرز رائٹس کے حقوق کے تحفظ کے لئے ڈی این اے فنگر پرنٹنگ رپورٹ کو لازم و ملزوم قرار د۔جلاس میں اسپشل سیکرٹری زراعت(مارکیٹنگ) پنجاب کلثوم حئی،ایم ڈی پنجاب سیڈ کارپوریشن شان الحق سمیت پنجاب سیڈ کونسل کے ممبران اور پبلک و پرائیویٹ سیکٹر کے بریڈرز حضرات کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔