لاہور(کامرس رپورٹر ) ایک انٹرنیشنل کنسورشیم نے پاکستان میں 2 ڈیمز کی تعمیر کیلئے نے 26ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی پیشکش کی ہے جس سے 22 ہزار میگاواٹ بجلی اور35ملین ایکڑ فیٹ پانی ذخیرہ کے 2 ڈیمزتعمیر ہونگے۔ ان ڈیمز سے بجلی تیار کرنے پر3 روپے فی یو نٹ لاگت آ ئے گی جبکہ ان 2 ڈیمز کی پیداواری صلاحیت پاکستان میں موجودہ تمام ڈیمز سے دگنی ہے جبکہ کارٹزارا ڈیم کی صلاحیت کار کالا باغ ڈیم سے 6 گنا زیادہ ہے۔ کنسورشیم کے مطابق دونوں ڈیمز ’’بلڈ،اون آپریٹ‘‘کی بنیادپر بنائے جائیں گے جس کے نتیجہ میں حکومت پاکستان کو ایک پیسہ بھی خرچ نہیں کرنا پڑیگا۔ یہ بات پاکستان میں کہوٹہ کے ایٹمی بجلی گھر کے ڈیزائین کے خالق اور انٹر نیشنل کنسورشیم کے رکن ڈاکٹر محمداقبال واہلہ نے گزشتہ روز ایک میڈیا انٹر ایکشن کے دوران بتائی۔ ڈاکٹر واہلہ نے گزشتہ 4 دہائیوں کے دوران مختلف ملکوں اوربراعظموں میں100 سے زیادہ انٹر نیشنل انفراسٹرکرچل پروجییکٹس مکمل کئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ملک میں پانی کی عدم دستیابی سے زرعی شعبہ کو سالانہ 12 ارب ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔ ان 2کارٹزارا اور بونجی ڈیمز کی تعمیر سے آبی قلت ختم ہو جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں میں سے ایک ڈیم کی فزیبیلیٹی تیار ہے جبکہ دوسرے کارٹزارا ڈیم کی فزیبیلیٹی 6 ماہ سے ایک سال میں مکمل کی جاسکتی ہے۔ دونوں ڈیمز 9 سے 10سا لوں کے عرصہ میں مکمل ہو جائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان 9 سے 10 سالوں کے دوران پاکستان کو زر مبادلہ کی شکل میں ہر سال 3 سے 4 ارب ڈالر کا زر مبادلہ بھی حاصل ہو گا جس سے ملکی معیشت کو بڑا سہارا اور ملکی خساروں کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ ڈاکٹر واہلہ نے بتایا کہ دریائے سندھ کا پانی جھاں سے پاکستان میں آنا شروع ہوتا ہے کے دھانہ پردونوں ڈیمز تعمیر ہوں گے علاوہ ازیں تربیلا ڈیم بلکہ ملک کے تمام دوسرے ڈیمز میں آنے والا گارا اور ریت بھی جمع نہیں ہو گا۔ اس طرح نہ صرف تربیلا ڈیم بلکہ ملک میں تمام ڈیموں کی پیداواری صلاحیت اورکام کرنے کی مدت میں بھی اضافہ ہوگا۔ واضح رہے کہ تربیلا ڈیم میں گارے اور ریت جمع ہونے سے اس کی پیداوار میں 50 فیصد کمی آ چکی ہے مزید یہ کہ نہری پانی کی سردیوں کے مہینوں میں پانی کی بندش کے نتیجہ میں لوڈ شیڈنگ مین کمی اور بھل صفائی کے اخراجات کی بھی بچت ہو جائے گی۔ ڈاکٹر واہلہ نے بتایاکہ کارٹزا راڈیم سے پندرہ ہزار میگاواٹ بجلی اور 35 ملین فیٹ ایکڑ پانی کا ذخیرہ اور بونجی ڈیم سے 7100 میگاواٹ بجلی حاصل ہو گی۔ انہوں نے بتایا کہ کارٹزارا ڈیم کی صلاحیت کار کالا باغ ڈیم سے 6 گنا زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان ڈیمز کی تعمیر سے ملکی برآمدات میں اضافہ بھی ہوگا۔ انہوں نے بتایاکہ ماضی میں قومی سطح پر بننے والے بین الصوبائی پارلیمانی کمیشن سمیت چاروں صوبوں کے نمائندوں کے کمیشنوں نے ان دونوں ڈیمز کی تعمیر کی منظوری دی تھی لیکن اس پر عمل درآمد نہیں کیا گیا۔
انٹرنیشنل کنسورشیم کی 2 ڈیمز کی تعمیر کیلئے 26ارب ڈالر سرمایہ کاری کی پیشکش
Mar 25, 2023