اسلام آباد(نا مہ نگار)چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے پاکستانی شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کرہ ارض سے سچے جذبے اور محبت کا اظہار کرتے ہوئے یوم ارتھ آور کو جوش و خروش سے منائیں،اپنے بیان میںچیئرمین سینیٹ نے کہا کہ میرے لیے یہ امر انتہائی باعث مسرت ہے کہ ارتھ آور کے ذریعے پوری دنیا میں ماحولیات کی اہمیت کو اجاگر کیا جا رہا ہے اور اس سلسلے میں ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان سمیت انفرادی اور ادارہ جاتی سطح پر 190 ممالک کوشاں ہیں کہ ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور ماحولیات کے تحفظ کے لیے مل کر کام کیا جائے۔ میں تمام شہریوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ارتھ آور میں حصہ لیں اور کاوش کا حصہ بنیں۔ آئیے ماحولیات کے تحفظ اور موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنے عزم کا مظاہرہ کریں اوراس گھڑی کو کرہ ارض کے تحفظ اور ایک پائیدار مستقبل کی جانب بامعنی قدم اٹھانے کے لیے استعمال کریں۔پاکستان پائیدار ترقی کے فروغ کے لیے پرعزم ہے اور اس عالمی مسئلے سے نمٹنے کے لیے عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔ ایک ساتھ مل کر، ہم کرہ ارض پر مثبت اثرات ڈال سکتے ہیں اور ایک بہتر حال اور ایک عظیم مستقبل بنا سکتے ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے پاکستانی شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کرہ ارض سے سچے جذبے اور محبت کا اظہار کرتے ہوئے یوم ارتھ آور کو جوش و خروش سے منائیں۔یاد رہے کہ اسی سلسلے میں پارلیمنٹ ہاس کی تمام لائٹس رات8:30 سے9:30 تک بجا دی جائیں گی۔ چیئرمین سینیٹ نے نجی اور سرکاری اداروں سے بھی اپیل کی کہ وہ اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کریں اور ارتھ آور میں بھرپور طریقے سے شمولیت اختیار کریں۔
شہری کرہ ارض سے محبت کیلئے یوم ارتھ آور جوش و خروش سے منائیں‘ صادق سنجرانی
Mar 25, 2023