لاہور(خصوصی نامہ نگار) منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے جامع شیخ الاسلام میں مختلف وفود سے ملاقات کی اور گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ تاجر،دکاندار جائز منافع لے کر ماہ مقدس میں اللہ کو راضی کریں۔ پاکستان اپنی تاریخ کی سب سے زیادہ مہنگائی اور گرانی سے گزر رہا ہے،کم آمدنی والے شہری روز افزوں بڑھتی ہوئی مہنگائی سے سخت پریشان ہیں۔ناجائز منافع خوری کے ذریعے ان کی مشکلات میں اضافہ نہ کیا جائے۔انہوں نے کہاکہ قیامت کے دن پر یقین رکھنے والا تاجر ضرورت مندوں، غریبوں، محتاجوں، معذوروں ، مفلسوں اور روزہ داروںکا استحصال نہیں کر سکتا۔ناجائز منافع خور دنیا کماتے کماتے اپنی آخرت کو خراب نہ کریں۔ جائز منافع تک محدود رہنے والوں کے رزق میں اللہ تعالیٰ برکتیں عطا کرتا ہے اور ان پر مدد کے دروازے کھولتا ہے۔یہ ایک بہت بڑا المیہ ہے کہ دنیا بھر میں غیر مسلم ممالک رمضان المبارک کے احترام میں اشیائے خورونوش کی قیمتیں کم کر دیتے ہیں جبکہ ہمارے ہاں الٹ معاملہ کیا جاتا ہے،روزہ داروں کا معاشی استحصال اللہ کی ناراضی کا سبب بنتا ہے۔