موروثی سیاستدانوں کو مسترد کرنا ضروری ہے،پاسبان

Mar 25, 2023


کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے جنرل سیکریٹری اقبال ہاشمی نے کہا ہے کہ کرپٹ اور موروثی سیاستدانوں کو مسترد کرنا ضروری ہو گیا ہے۔ آئین پاکستان سے ایسی تمام شقیں ختم کی جانی چاہئیں جو فرد واحد کو عوامی اجتماعیت بلڈوز کرنے کا اختیار فراہم کرتی ہیں ۔ سیاستدان بالغ نظری اور معاملہ فہمی کا مظاہرہ کریں ۔ سیاست کو کھیل کے بجائے عوام کی خدمت کے لئے استعمال کریں۔ عوام پانچ سال کے لئے اپنے نمائندے منتخب کرتے ہیں اور فرد واحد ایک حکم کے تحت پوری پارلیمنٹ گھر بھیج دیتا ہے ۔دنیا بھر میں آئین فرد واحد کی بجائے اجتماعی اختیارات کا عکاس ہوتا ہے لیکن پاکستان کا باوا آدم ہی نرالا ہے جہاں کروڑوں عوام کی رائے کو ملیا میٹ کردینے کا اختیار ایک شخص کے ہاتھ میں دے دیا جاتا ہے۔جاری کردہ بیان میں پی ڈی پی کے جنرل سیکریٹری اقبال ہاشمی نے مزید کہا کہ عمران خان دو صوبائی اسمبلیاں توڑ کر فوری نئے انتخابات کا ڈھنڈورا پیٹ رہے ہیں۔جو کسی ایک شخص کی خواہشات کی تکمیل کے لئے جب چاہیں منعقد کر لئے جائیں؟ سیاستدان اسمبلیوں میں رہ کر سیاسی مسائل حل کر یں۔

مزیدخبریں