10لاکھ بچوں کا مستقبل انفرادی خواہشات پر قربان نہیں کیا جاسکتا:حیدر علی منور عباس


کراچی(اسٹاف رپورٹر)آل سندھ پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن سندھ پروفیسرز اینڈ لیکچرارز ایسوسی ایشن، آل سندھ پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن اور تنظیم اساتذہ کے مشترکہ وفد نے وزیر یونیورسیٹیز اینڈ بورڈز محمد اسماعیل راہو سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور ان کو سندھ میں بورڈز امتحانات کو آؤٹ سورس کرنے کے نوٹیفکیشن کو منسوخ کرنے کا خط دیا۔ وفد میں سپلا کے مرکزی صدر پروفیسر منور عباس، مرکزی جنرل سیکرٹری پروفیسر شاہجہاں پہنور، تنظیم اساتذہ کے صوبائی صدر پروفیسر ابو عامر اعظمی، آل سندھ پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے چیئرمین حیدرعلی اور مرکزی جنرل سیکرٹری دوست محمد دانش شامل تھے۔ وفد نے وزیر یونیورسیٹیز اینڈ بورڈز کو بتایا کہ صرف ڈیڑھ ماہ قبل اس طرح کے عاقبت نا اندیش فیصلے سے سندھ بھر میں لاکھوں بچے، والدین اور اساتذہ پریشان اور غیر یقینی صورتحال کا شکار ہیں۔ دس لاکھ بچوں کا امتحانی عمل انفرادی فیصلے اور خواہشات پر قربان نہیں کیا جا سکتا۔ ای اسیسمنٹ اور آؤٹ سورس کی باتیں کرنے والے نہ تو امتحانی طریقوں کو جانتے ہیں اور نہ ہی زمینی حقائق کو سمجھتے ہیں معزز وزیر محمد اسماعیل راہو نے وفد کو یقین دلایا کہ آئندہ چند روز میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی میٹنگ بلا کر مشاورت سے امتحانی معاملے کو طے کیا جائے گا۔اور کوئی بھی فیصلہ تمام حقائق کو سامنے رکھ کر کریں گے۔اساتذہ اور تعلیمی تنظیموں کے تحفظات کو دور کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

ای پیپر دی نیشن