گلستان جوہر فلائی اوور مختصر ترین مدت میں تعمیر کیا گیا،نجم شاہ

Mar 25, 2023


کراچی(اسٹاف رپورٹر) ایڈیشنل چیف سیکرٹری بلدیات سندھ انجینئر سید نجم احمد شاہ نے مختصر مدت میں گلستان جوہر فلائی اوور کی تعمیر کو حکومت سندھ کی بڑی کاوش قرار دیا ہے۔ان خیالات کا اظہار ایڈیشنل چیف سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سندھ انجینئر سید نجم احمد شاہ نے گلستان جوہر فلائی اوور کے کامیاب افتتاح کے بعد منعقد ہونے والے افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انجنیئر سید نجم احمد شاہ کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی سندھ اور وزیر بلدیات سندھ کی رہنمائی میں محکمہ بلدیات سندھ کے تمام افسران اور ایک ایک ٹیم ممبر نے جس دلچسپی اور جانفشانی کے ساتھ رات و دن کی پروا کئے بغیر گلستان جوہر فلائی اوور کی تعمیر میں اپنا حصہ ڈالا اس کے لئے تمام ٹیم ممبران مبارک باد کے مستحق ہیں اور کراچی کے عوام کے لئے گلستان جوہر فلائی اوور کا قیام ترقی اور روشنی کے نئے سفر کا آغاز ہے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری بلدیات سندھ کا کہنا تھا کہ 85کروڑ روپے کی لاگت سے تیار ہونے والا گلستان جوہر فلائی اوور محض پانچ ماہ کی قلیل مدت میں مکمل کیا گیا ہے جس کو فی زمانہ سب سے تیزی کے ساتھ مکمل ہونے والا منصوبہ کہا جائے تو بیجا نہ ہوگا۔ انجنیئر سید نجم احمد شاہ نے بتایا کہ آسٹرو اسٹینڈرڑ کے مطابق گلستان جوہر فلائی اوور کو اول تا آخر تمام تر حفاظتی تدابیر اور مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تعمیر کیا گیا ہے جس کی لمبائی 550 میٹر اور چوڑائی 19 میٹر ہے۔گلستان جوہر فلائی اوور پر 140 واٹ کی 76 طاقتور لائٹیں بھی نصب کی گئی ہیں جن کی وجہ سے پل پر رات کے وقت بھی دن کا گمان ہوتا ہے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سندھ نے عزم ظاہر کیا کہ کراچی سمیت پورے سندھ کے تمام اضلاع میں عوام کی سہولت و آسانی کے لئے خطیر لاگت کے شاندار منصوبے جلد شروع کئے جائیں گے اور سندھ کو عالمی سطح کا ترقی یافتہ صوبہ بنانے کا خواب جلد شرمندہ تعبیر ہوگا۔
نجم شاہ

مزیدخبریں