اللہ سے شکوہ نہیں، شکر کی عادت ڈالیں، علامہ الیاس قادری


کراچی (این این آئی) امیر اہل سنت علامہ محمدالیاس عطارقادری نے کہا ہے کہ اللہ پاک شکر اس انداز میں ادا کریں کہ دل میں بھی شکر کے جذبات موجود ہوں، بندہ اللہ کا شکر اداکرے،یہ اللہ پاک کا وعدہ ہے کہ جب ہم اس کا شکر ادا کریں گے تو وہ ہمیں اور دے گا، اگر ہم اللہ کے پیاروں کی طرح شکر کرنے کا انداز اپنالیں تو ہمارے مسائل حل ہوجائیںگے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے ہفتہ وار مدنی مذاکرے میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ امیر اہل سنت نے کہا کہ ہم حقیقی معنوں میں شکر ادا نہیں کرتے، کیا عجب کہ ہمارے زوال کی وجہ یا ہم پرآنے والی مصیبتوں کی وجہ ہماری ناشکری ہو،بعض اوقات بندہ مالدار ہوتا ہے، زکوة دینے والا ہوتا ہے اس پر ایسی مصیبتیں آتی ہیں کہ وہ زکوة لینے والا بن جاتا ہے،ہمارا تھوڑا نقصان ہوجائے تو ہم شکوہ کرتے ہیں، حقیت تو یہ ہے کہ جسے شکر ادا کرنے کی توفیق ملی وہ اس توفیق کا بھی شکر ادا نہیں کرسکتا کیونکہ شکر کی توفیق بھی اللہ کی عطا ہے۔ امیر اہل سنت نے کہا کہ یہ چلتی سانسیں بھی نعمت ہیں،اگر سانس رک جائے تو لاش گرنی ہے،ہم سانس جو لے رہے ہیں وہ بالکل مفت ہے اگر چہ دیگر چیزیں مہنگی ہوگئی ہیں،پانی بھی بہت بڑی نعمت ہے جس کے بغیر جینا ممکن نہیں ہے،اللہ پاک ہمیں اپنا شکر گزار بندہ بنالے،ہم نہ شکر کرتے ہیں نہ صبر بلکہ ہزاروں کے سامنے شکوہ کرنے کے بعد کہتے ہیں کہ ہم صبر کررہے ہیں،یہ صبر نہیں بے صبری ہے،صبر تو اول صدمے پر ہوتا ہے،بلا وجہ اپنی پریشانیاں کسی کو نہ بتائیں۔

ای پیپر دی نیشن