سی سی پی او کا زیر تفتیش مقدمات کی ڈسپوزل میں تاخیر پر اظہار برہمی 


ؒلاہور(نمائندہ خصوصی)سربراہ لاہور پولیس ایڈیشنل آئی بلال صدیق کمیانہ کی زیرصدارت انوسٹی گیشن افسران کا اہم اجلاس کیپٹل سٹی پولیس ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوا۔سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے قتل،اقدام قتل اور بلائنڈ مرڈر سمیت سنگین وارداتوں کے زیر تفتیش مقدمات میں پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔بلال صدیق کمیانہ نے قتل، اقدام قتل،بلائنڈ مرڈر کے مقدمات کی ڈسپوزل میں غیر ضروری تاخیر پر برہمی کا اظہار کیا اور ڈی آئی جی سہیل سکھیرا اور ایس ایس پی انوسٹی گیشن انوش مسعود چوہدری کو زیر تفتیش کیسز کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کیلئے روزانہ کی بنیاد پر انوسٹی گیشن افسران کی کارکردگی کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔سی سی پی او لاہور نے کہا کہ ایس پیز انوسٹی گیشن قتل اور بلائنڈ مرڈر کے مقدمات میں فرانزک رپورٹس کی جلد وصولی ممکن بنانے کیلئے خود اقدامات کریں۔انہوں نے انوسٹی گیشن ونگ کی مجموعی کارکردگی غیر تسلی بخش قرار دی اور خاموش ملزمان اور روڈ سرٹیفکیٹس کی پینڈینسی بھی فوری طور پر کلیئر کرنے کا حکم دیا۔انہوں نے کہا کہ سینئر انوسٹی گیشن افسران تکمیل چالان اور کیسز یکسو کرنے کیلئے پراسیکیوٹرز سے کوارڈینیشن کریں جبکہ تفتیشی عمل میں نقائص دور کرنے کیلئے پراسیکیوشن افسران کی تکنیکی معاونت لیں۔

ای پیپر دی نیشن