گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی )مسلم لیگ ن کے ڈویژنل سینئر نائب صدر سابق ایم پی اے حاجی عبدالرئوف مغل نے کہا ہے کہ پاکستان اللہ کی نعمت اور مسلمانوں کے لئے عظیم تحفہ ہے ، ہمیں ذاتی مفادات پر ملکی مفادات کو ترجیح دینے کا رویہ اپنانا ہوگا ، وطن سے بے لوث محبت ہر مسلم لیگی کے خون میں شامل ہے ، مسلم لیگ ن میاں نواز شریف اورمیاں شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان کو اقوام عالم میں ممتاز مقام دلائے گی اور اسکا کھویا ہوا وقار بحال کرے گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ مسلم لیگ ن سیٹلائٹ ٹائون میں یوم پاکستان کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، انہوں نے کہا کہ پاکستان کا وجود ہمارے لئے اللہ کی وہ عظیم نعمت ہے جس پرجتنا بھی شکر ادا کیا جائے کم ہے ہمیں چاہیے کہ ہم اپنے ملک کے لئے قربانی کے جذبے کو بروئے کار لاتے ہوئے اس کی تعمیر و ترقی اور سلامتی میں اپنا کردار ادا کریں اور ملکی مفاد کو اپنے ہر قسم کے ذاتی اور سیاسی مفاد پر ترجیح دیں کیونکہ در حقیقت ہم سب کے مفادات کا تحفظ بھی پاکستان کی سلامتی اور ترقی کے ساتھ جڑا ہوا ہے اور یہ اسی صورت ممکن ہے جب ہم اپنے ملک کے لئے پورے خلوص اور تن دہی کے ساتھ کام کریں۔