کے الیکٹرک کابلوں پر ڈیجیٹل اسٹامپ  نظام متعارف 

Mar 25, 2023


 کراچی(کامرس رپورٹر)کے۔ الیکٹرک نے بلوں پر ڈیجیٹل اسٹامپ کا نظام متعارف کروا کر ایک اور صارف دوست اقدام اٹھایا ہے۔ اس اقدام کی بدولت صارفین اپنی رقم کی ادائیگی کا ڈیجیٹل ثبوت رکھ سکیں گے، جس کے ریکارڈ تک رسائی کے ای لائیو اَیپ، ویب سائٹ اور واٹس ایپ سروس پورٹل کے ذریعے حاصل ہوگی۔یہ قدم کے الیکٹرک کے ماحول دوست اقدام ’’ہرا قدم‘‘ کے سلسلے کو تقویت دینے کے ساتھ ساتھ صارفین کو بلوں کی ادائیگی کا ایک مثالی اور بہتر ڈیجیٹل تجربہ فراہم کرنے کی سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔ صارفین کے کسی بھی ماہ کے ادا شدہ بل کے اوپر بائیں کونے پر ایک سبز اسٹامپ ہوگی، جو اس بات کی نشاندہی ہے کہ تمام واجبات ادا کردیے گئے ہیں۔ اگر کوئی صارف اپنے واجبات قسطوں میں ادا کررہا ہے تو بل کے اوپر بائیں جانب نیلے رنگ کی اسٹامپ ہوگی، جو اس بات کی علامت ہے کہ رواں ماہ کی رقم وصول ہوگئی ہیں۔ ادائیگی کے 24 گھنٹے کے اندر یہ اسٹامپ خود کار طور پر بل پر اَپ ڈیٹ ہوجائیں گے۔ 6 ماہ تک کا ادائیگیوں کے ریکارڈ تک رسائی کے۔ الیکٹرک کے ڈیجیٹل چینلز سے ممکن ہوگی۔ اس کے علاوہ یہ ڈیجیٹل اسٹامپ والے بلز ہر اس اسٹیک ہولڈر کے لیے قابل قبول ہوں گے جہاں صارفین کو کسی بھی مالی معاملے کی ادائیگی کا ثبوت پیش کرنے کی ضرورت ہوگی۔  اس اقدام کی وضاحت کرتے ہوئے کے۔ الیکٹرک کے ترجمان اور ڈائریکٹر کمیونی کیشنز عمران رانا نے کہا کہ یہ بات کے۔ الیکٹرک کے علم میں ہے کہ صارفین روایتی طور پر بلوں کی اسٹامپ والی کاپیاں اپنے ریکارڈ میں رکھتے ہیں۔ اس وقت 10 لاکھ سے زائد صارفین ڈیجیٹل ذرائع سے کے الیکٹرک کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں۔ یوٹیلیٹی صارفین کے رجحان میں نمایاں تبدیلی دیکھ رہی ہے۔ اور کل ادائیگیوں کا تقریباً 62 فیصد متبادل ڈیلیوری چینلز کے ذریعے کیا جاتا ہے۔ ہمارا یہ جدید اقدام بلوں کی ادائیگی کو آسان بنانے کے ساتھ پیپر لیس نظام کی حوصلہ افزائی اور ماحول کی بہتری میں مثبت کردار ادا کر رہا ہے۔ نجکاری کے بعد سے کے۔ الیکٹرک صارفین کی سروس کو بہتر بنانے کے لیے ٹیکنالوجی کے استعمال کے لیے پْرعزم ہے۔ اپنے نیٹ ورک میں سرمایہ کاری کمپنی کو کراچی اور اس کے اطراف  میں بڑھتے ہوئے صارفین کو محفوظ، قابل بھروسا اور بلاتعطل بجلی کی فراہمی کو قابل بنا رہی ہے۔ صارفین کسی بھی قسم کی شکایت کی صورت کمپنی سے سوشل میڈیا، کے ای لائیو اَیپ، واٹس اَیپ سیلف سروس پورٹل (03480000118) اور کال سینٹر 118 کے ذریعے 24/7 رابطہ کرسکتے ہیں۔ 

مزیدخبریں