آٹالینے کیلئے کھڑے فلسطینوں پر فائرنگ 19شہید اسرائیل کا حماس کی شرائط ماننے سے انکار

Mar 25, 2024

مقبوضہ غزہ (این این آئی) غزہ میں بھوک و افلاس کے شکار مزید 19 فلسطینی شہری اسرائیلی فائرنگ سے شہید ہو گئے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق آٹے کے تھیلوں کا انتظار کرنے والوں پر اسرائیلی ٹینکوں نے مشین گن سے فائرنگ کی۔ دیرالبلح میں گھر پر حملے میں 7 فلسطینی شہید ہو گئے۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر سے اب تک شہید فلسطینیوں کی تعداد 32 ہزار 142 ہو گئی۔ اسرائیلی حملوں سے 7 اکتوبر سے اب تک 74 ہزار 412 فلسطینی زخمی ہوئے۔ بنیامین میں حماس سے جھڑپ میں ایک اور اسرائیلی فوجی افسر مارا گیا۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق ہلاک فوجی کی شناخت کمانڈو فارمیشن ڈوڈیون یونٹ کے میجر ایلی ڈیوڈ گارفنکل کے نام سے ہوئی ہے۔ دوسری جانب سرایا القدس کا کہنا تھا کہ مغربی کنارے کے علاقے طولکرم میں 4 اسرائیلی فوجی ہلاک کر دیئے گئے۔ امریکی نائب صدر کمیلا ہیرس نے کہا رفح میں فوجی آپریشن بہت بڑی غلطی ہو گی۔ اسرائیل نے الشفاء ہسپتال میں آپریشن میں توسیع کر دی۔ امریکہ سمیت کئی ممالک میں اسرائیلی حملوں کیخلاف مظاہرے جاری ہیں۔ امریکہ کی کرنل یونیورسٹی میں احتجاج کے دوران 24 طلباء کی رہائی کا مطالبہ‘ صنعا میں شرکاء نے جنگ بندی کا مطالبہ کیا‘ سیؤل میں پرچم اٹھا کر مظاہرہ کیا گیا۔ عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ جنگ بندی کیلئے اسرائیل نے حماس کی تجویز کردہ شرائط ماننے سے انکار کر دیا۔ غزہ جنگ بندی کے لئے قطر میں حماس‘ اسرائیل بالواسطہ مذاکرات کے دوران غزہ جنگ بندی معاہدے میں مشکلات اور اختلافات برقرار ہیں۔ حماس نے مستقل جنگ بندی کے بدلے یرغمالیوں کی مرحلہ وار رہائی کی تجویز دی تھی۔ حماس نے اسرائیلی فوج کے مکمل انخلاء اور بے گھر فلسطینیوں کی واپسی کی تجویز بھی دی تھی‘ اسرائیل جنگ ختم کرنے اور اسرائیلی فوجیوں کے انخلاء سے انکاری ہے۔ اسرائیل یومیہ صرف 2 ہزار بے گھر فلسطینیوں کی واپسی  چاہتا ہے۔ اسرائیل سارے یرغمالیوں کی ایک ساتھ رہائی چاہتا ہے۔ حماس عہدیدار ہاسم نعیم نے بتایا کہ اسرائیل جنگ ختم کئے بغیر یرغمالیوں کی رہائی چاہتا ہے‘ حماس نے ثالثوں کو بتا دیا کہ اب مزید تجاویز پر بات کرنے کو تیار نہیں۔

مزیدخبریں