داملا باییوک تسکن کا ہمراہ وفد پی سی ایم ای اے کے دفتر کا دورہ ،دوطرفہ امور پرگفتگو 

Mar 25, 2024

لاہور( کامرس رپورٹر)اقوام متحدہ ہائی کمشنر برائے مہاجرین کی ایشیا ء اور پیسفک کی ریجنل بیورو داملا باییوک تسکن نے وفد کے ہمراہ پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے دفتر کا دورہ کیا۔ ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین عثمان اشرف نے سینئر مرکزی رہنما عبد اللطیف ملک ، ریاض احمد ،میجر (ر)اختر نذیر اور محمد ریاض کے ہمراہ وفد کا خیر مقدم کیا۔ ملاقات میں دو طرفہ امور اور خصوصاًافغان مہاجرین کو ہنر سکھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد کو کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کی تکنیکی سر گرمیوں ،ہاتھ سے قالینوں کی تیاری اور برآمدات کے حوالے سے بھی تفصیلی آگاہی دی گئی۔وفد نے خیبر پی کے میں افغان مہاجرین کو ہنر سکھانے کیلئے سینٹر کے قیام کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے معاونت طلب کی جس پر انہیں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔ عثمان اشرف نے وفد کی سربراہ کو بتایا کہ ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت ملک کے مختلف حصوں میں پھیلی ہوئی کاٹیج انڈسٹری ہے جس سے تقریباً 10لاکھ افراد کا بالواسطہ یا بلا واسطہ روزگار وابستہ ہے۔ پاکستان میں قیام پذیر افغان مہاجرین بھی ہاتھ سے قالینوں کی صنعت سے وابستہ ہیں۔ یہاں سے جزوی تیار خام مال افغانستان بھی بھجوایا جاتا ہے اور وہاں پر افغان ہنر مند باقی مراحل مکمل کرنے کے بعد اسے واپس بھجوا دیتے ہیں جسے مختلف ممالک کو برآمد کیا جاتا ہے۔ پاکستان کی ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت افغانستان میں بھی بڑے پیمانے پر روزگار مہیا کرنے کا ذریعہ ہے۔  پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے ہنر مندوں کی مالی معاونت کے مطالبے کو زیر غور لانے سمیت مختلف تجاویز بھی پیش کیں۔ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین عثمان اشرف نے داملا باییوک تسکن کو ایسوسی ایشن کی جانب سے سوینئر پیش کیا۔ 

مزیدخبریں